فیصل قریشی کا ہم جنس پرستی سے متعلق حیران کُن انکشاف


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے ہم جنس پرست مردوں سے متعلق حیران کُن انکشاف کردیا۔ فیصل قریشی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران ہم جنس پرستی سے متعلق کُھل کر بات کی، اداکار نے کہا کہ میں مسلمان ہوں اور ہمارے مذہب اسلام میں ہم جنس پرستی حرام ہے، قرآن پاک میں بھی اللہ تعالیٰ نے صرف دن جنس مرد اور عورت کا ہی ذکر کیا ہے۔
اداکار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جس مقصد کے لیے مرد اور عورت کو دُنیا میں بھیجا ہے ہمارے لیے وہ چیزیں سب سے اہم ہیں، اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، ہمارے مذہب نے ہمیں ہر مسئلے کا حل اور ہر سوال کا جواب دیا ہے۔
پوڈکاسٹ کے میزبان کے ایک سوال کے جواب میں فیصل قریشی نے کہا کہ ہم اسلام کو سائیڈلائن نہیں کرسکتے ہیں اور میرے لیے تو یہ سمجھنا بہت مشکل ہے کہ ہم مسلمان ہوکر ہم جنس پرستی جیسے حرام کام کو معمولی بات کیوں کہتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں کسی بھی مرد کو بھائی سمجھ کر گلے لگا سکتا ہوں، بھائی ہونے کے رشتے سے گال پر بوسہ بھی دے سکتا ہوں لیکن اگر وہی مرد مجھے گندی نظر سے دیکھے گا تو میں وہیں اُس کے منہ پر تھپڑ مار دوں گا۔
فیصل قریشی نے حیران کُن انکشاف کرتے ہوئے کہ کچھ مردوں نے میرے ساتھ رومانوی تعلقات استوار کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا جس پر مجھے بہت ہنسی آئی تھی۔ اداکار نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر مجھے کچھ ایسے مردوں نے میسجز کیے تھے جو ہم جنس پرستی میں دلچسپی رکھتے تھے، پھر میں نے اُنہیں بلاک کردیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستانی فیشن انڈسٹری کی معروف ڈیزائنر ماریہ بی نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی فیشن انڈسٹری میں موجود 80 فیصد مرد ہم جنس پرست (ایل جی بی ٹی کیو) ہیں۔