دن میں 4، 8 یا 12 گھنٹے اے سی، روم کولر اور پنکھا چلانے سے کتنا بجلی کا بل آتا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)موسم گرما میں جتنا زیادہ لوگ گرمی کی شدت سے پریشان ہوتے ہیں، اس سے کہیں زیادہ ان کو اس بات کی پریشانی رہتی ہے کہ بجلی کے بھاری بھرکم بل وہ کیسے ادا کریں گے۔ ظاہر ہے کہ پاکستان میں موسم گرما میں درجہ حرارت اس قدر بڑھ جاتا ہے کہ روم کولر، اے سی اور یہ دونوں نہ سہی تو پنکھا تو ہر وقت ضرور چل رہا ہوتا یے۔ کیونکہ اس کے بنا گرمی سے بچنے کا کوئی دوسرا حل موجود نہیں ہے۔
اے سی کا بل، پنکھے اور روم کولر کی نسبت زیادہ ہوتا ہے، اسی طرح روم کولر کا بل پنکھے کی نسبت زیادہ ہوتا ہے۔ لیکن اگر 12 گھنٹے اے سی، روم کولر اور پنکھا چلایا جائے تو ان تینوں چیزوں کا کتنا بل آئے گا؟
یہ جاننے کی کوشش کی کہ اگر ایک گھر میں دن میں 4، 8 یا 12 گھنٹے اے سی، روم کولر اور پنکھا چلے تو کتنا بجلی کا بل آتا ہے؟
عام طور پر ڈیڑھ ٹن کا انورٹر اے سی ایک گھنٹے میں 1700 سے 2 ہزار واٹ بجلی استعمال کرتا ہے، ایک چھت والا پنکھا ایک گھنٹے میں 75 واٹ بجلی استعمال کرتا ہے، جبکہ ایک روم کولر 200 سے 300 واٹ بجلی ایک گھنٹے میں استعمال کرتا ہے، جبکہ بجلی کے ایک یونٹ کی قیمت اس وقت 65 روپے ہے۔
4 گھنٹے استعمال کرنے پر بجلی کا خرچ
اگر ایک گھر میں دن میں 4 گھنٹے ایک اے سی، ایک روم کولر اور ایک پنکھا چلتا ہے تو اس گھر میں ایک دن میں اے سی کے 8 یونٹ، پنکھے کے 0.3 یونٹ اور روم کولر ایک سے ڈیڑھ یونٹ بجلی استعمال کرتا ہے، اس طرح ایسے گھر میں ایک دن میں ساڑھے 9 یونٹ بجلی کے استعمال ہوتے ہیں۔
اس طرح ماہانہ اے سی 240 یونٹ، پنکھا 10 یونٹ جبکہ روم کولر 30 یونٹ بجلی استعمال کرتا ہے۔ تو یوں اے سی کا 240 یونٹ کا ماہانہ بل تقریباً 31 ہزار 200 روپے آئے گا۔ پنکھے کے 10 یونٹ کا بل کم و بیش 1300 اور روم کولر کے 30 یونٹ کا بل تقریباً 3900 روپے آئے گا۔ جبکہ ایک گھر میں اگر تینوں چیزیں استعمال ہورہی ہیں تو مجموعی طور پر ماہانہ کل 280 یونٹ بجلی استعمال ہوتی ہے، اور بجلی کا بل ٹیکس شمار کرکے تقریباً 36 ہزار سے زیادہ ہوگا۔
8 گھنٹے استعمال کرنے پر بجلی کا خرچ
اگر ایک گھر میں دن میں 8 گھنٹے ایک اے سی، ایک روم کولر اور ایک پنکھا چلتا ہے تو اس گھر میں ایک دن میں اے سی کے 16 یونٹ، پنکھے کے 0.6 یونٹ اور روم کولر 3 یونٹ بجلی استعمال کرتا ہے، اس طرح ایسے گھر میں ایک دن میں تقریباً 20 یونٹ بجلی کے استعمال ہوتے ہیں۔ ماہانہ اے سی 480 یونٹ ( بل تقریباً 62 ہزار 400 روپے)، پنکھے کے 20 یونٹ (بل کم وبیش 2600 روپے) جبکہ روم کولر 100 یونٹ بجلی (بل تقریباً 13 ہزار روپے) استعمال کرتا ہے۔ اس طرح ماہانہ کل 600 یونٹ بجلی استعمال ہوتی ہے، اور بجلی کا بل ٹیکس شمار کرکے تقریباً 70 ہزار سے 80 ہزار تک آتا ہے۔
12 گھنٹے استعمال کرنے پر بجلی کا خرچ
اگر ایک گھر میں دن میں 12 گھنٹے ایک اے سی، ایک روم کولر اور ایک پنکھا چلتا ہے تو اس گھر میں ایک دن میں اے سی کے 24 یونٹ، پنکھے کا ایک یونٹ اور روم کولر 5 یونٹ بجلی استعمال کرتا ہے، اس طرح ایسے گھر میں ایک دن میں ساڑھے 30 یونٹ بجلی کے استعمال ہوتے ہیں۔
اس حساب سے ماہانہ اے سی 720 یونٹ (تقریباً 93 ہزار 600 روپے بل آئے گا)، پنکھے کے 30 یونٹ (ماہانہ بل کم و بیش 3900 روپے) جبکہ روم کولر 150 یونٹ (ماہانہ بل تقریباً 19 ہزار 500 روپے) بجلی استعمال کرتا ہے۔ اس طرح ماہانہ کل 900 یونٹ بجلی استعمال ہوتی ہے، اور بجلی کا بل ٹیکس شمار کرکے تقریباً ایک لاکھ 17 ہزار تک آتا ہے۔
نوٹ: بل کا حساب کتاب معلوم ٹیکسوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے، حکومت کی جانب سے کوئی خفیہ یا اضافی ٹیکس اس میں شامل نہیں۔