وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات


ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر بھی تبادلہ خیال
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔ ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔
اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ملاقات تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی کو ایس آئی ایف سی کے اجلاس سے متلعق آگاہ کیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امورپربھی بات چیت کی گئی۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور وفاقی وزارت داخلہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیر توانائی اویس لغاری سے ملاقات کی،ملاقات میں خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس دوران لوڈشیڈنگ اور بجلی سےمتعلق معاملات اور دیگر سائل کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وفاقی وزراء کے درمیان ملاقات میں دیگر مسائل پر بھی گفتگو کی گئی ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور وفاقی وزرا میں مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے پر اتفاق پایا۔ کل پھر ملاقات کا فیصلہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری لانے کے لیے کام کررہا ہوں، ایس آئی ایف سی کے ذریعے بھی کوئی سرمایہ کاری آئے گی ویلکم کریں گے۔