کلکتہ نائٹ رائڈرز تیسری مرتبہ آئی پی ایل چیمپیئن بن گئی، جیتنے والی ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 کے فائنل میں کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے سنرائزرز حیدرآباد کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں سنرائزرز حیدرآباد کے 114 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے وینکٹیش ایر کے 26 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 52 رنز کی بدولت 10.3 اوورز میں میدان اپنے نام کر لیا۔
اس سے قبل سنرائزرز حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے سنرائزرز حیدرآباد کی پوری ٹیم کو 113 رنز پر واپس پویلین بھیج دیا۔
مچل اسٹارک نے پہلے اوور میں ہی سنرائزرز حیدرآباد کے اوپنر ابھیشیک شرما کو بولڈ کر دیا اس کے بعد کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے بولرز نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور لگا تار سنرائزرز حیدرآباد کے بیٹرز کو پویلین بھیجتے رہے۔
کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے بولرز نے پوری اننگز کے دوران سنرائزرز حیدرآباد کے بیٹرز کو شارٹ کھیلنے میں بے بس رکھا اور آخر کار ٹیم کو 18.3 اوورز میں ہی 113 رنز پر آؤٹ کردیا۔ کلکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے آندرے رسل نے 2.3 اوورز میں 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
سریاس ایر کی قیادت والی کلکتہ نائٹ رائیڈرز کو 114 رنز کا کم ترین ہدف ملا۔ یہ آئی پی ایل فائنل کی تاریخ کا سب سے کم ترین اسکورتھا۔ اس سے قبل چنئی سپر کنگز نے 2013 میں ممبئی انڈینز کے خلاف 9 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے تھے۔
کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے کپتان شریاس ایر ٹاس ہارنے کے بعد پریشان نہیں ہوئے کیونکہ وہ ویسے بھی پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے۔ اس طرح کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف پورا کر کے تیسری مرتبہ انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) کے چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
انڈین پریمیئر لیگ کی جیتنے والی ٹیم نائٹ رائیڈرز کو 20 کروڑ روپے جبکہ رنر اپ سن رائزرز حیدرآباد کو 13 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی راجستھان رائلز کی ٹیم کو 7 کروڑ روپے دیے گئے جبکہ چوتھے نمبر پر آنے والی رائل چیلنجرز بنگلور کو 6.5 کروڑ روپے دیے گئے۔ ایمرجنگ پلیئر اور سب سے عمدہ کھلاڑی کا انعام 20 لاکھ اور 12 لاکھ روپے رکھا گیا تھا۔