کراچی(قدرت روزنامہ)سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک ایک بے لگام گھوڑا ہے جو آئین کی خلاف ورزی کررہا ہے . اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بیلنس شیٹ نکال کر دیکھیں کہ بجلی کی فراہمی کے ادارے کتنا منافع کما رہے ہیں .
کے الیکٹرک روزِ اول سے آج تک ایک بے لگام گھوڑا بنا ہوا ہے . معاہدے کے تحت کے الیکٹرک کو کمائی کا ایک فیصد حصہ نیٹ ورک بڑھانے اور ٹھیک کرنے پر خرچ کرنا ہے .
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بارش ہو یا گرمی، کے الیکٹرک کے فیڈر ٹرپ کر جاتے ہیں . سندھ اسمبلی نے پچھلے دنوں قرارداد منظور کی کہ بجلی کی فراہمی والے ادارے اپنا قبلہ درست کریں . بجلی کی فراہمی والے ادارے اجتماعی سزا نہیں دے سکتے، یہ آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے . بجلی کی فراہمی والے ادارے میٹر ریڈنگ کے بجائے محض اندازوں پر بل بھیجتے ہیں .
صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ عوام بل لے کر جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ بل کم نہیں کر سکتے قسطیں کر سکتے ہیں . سندھ کے دیہی علاقوں میں 100 گھروں میں 10 ڈیفالٹر ہونے پر پی ایم ٹی اتار کر لے جاتے ہیں . کے الیکٹرک، حیسکو، سیپکو آئین کی سراسر خلاف ورزی کر رہے ہیں . آئین کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا .
انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بل پاس ہونے پر کے الیکٹرک نے خط لکھ دیا کہ حکومت کی طرف ہمارے واجبات ہیں . یہ نہیں ہو سکتا کہ بجلی کی فراہمی والے ادارے اپنے لالچ اور نااہلی کی سزا غریب عوام کو دیں . عوام گرمی کی لہر کی وجہ سے بہت پریشان ہیں . امتحانی مراکز کو بھی بجلی فراہم نہیں کی جارہی .