بارش کے بادل پہنچنے والے ہیں، محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے ہوئے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں 28 اور 29 مئی کو بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 28 مئی سے یکم جون تک بالائی علاقوں میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ’کوئٹہ، ژوب، زیارت، بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی‘۔محکمہ موسمیات نے اس دوران چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شانگلہ، لکی مروت، کرک، پشاور، مردان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان جبکہ لاہور، اوکاڑہ، فیصل آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی بادل برسیں گے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی 28 مئی سے یکم جون کے درمیان بارشوں کا امکان ہے۔