حج 2024: یوم عرفہ کا خطبہ کون دے گا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے دینی امور کے سربراہ امامِ حرم ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے اعلان کیا ہے کہ شاہی منظوری کے ساتھ مسجدِ حرام کے امام وخطیب شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد المعيقلی کو سال 1445 ہجری کا یوم عرفہ کا خطبہ دینے کی ذمہ داری سونپی گئی
ہے۔
ہر سال سعودی عرب کی حکومت کسی نہ کسی عالم کو یومِ عرفہ کے خطبہ کے لیے معین کرتی ہے۔
ڈاکٹر ماہر المعیقلی کون ہیں؟
ڈاکٹر ماہر کی پیدائش 7 جنوری 1969 کو مدینہ منورہ میں ہوئی۔ قرآن کریم حفظ کرنے کے بعد انہوں نے مدینہ منورہ میں (معلمین کالج) میں تعلیم حاصل کی اور وہاں سے ریاضی کے استاد کے طور پر فارغ التحصیل ہوئے۔
مکہ مکرمہ منتقل ہو کر معلم کی حیثیت سے کام کیا اور پھر مکہ مکرمہ میں (شہزادہ عبد المجید) اسکول میں طلبہ کے مشیر بنے۔
1425 ہجری میں امام احمد بن حنبل کے فقہ میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی جس کا عنوان ’امام احمد کی فقہی مسائل عبدالملک المیمونی کی روایت کے مطابق‘ تھا، انہوں نے اس میں امتیاز کا درجہ حاصل کیا۔
انہوں نے1434 ہجری میں شافعی فقہ میں امتیازی حیثیت سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری جامعہ ام القریٰ سے حاصل کی۔
ڈاکٹر ماہر امام وخطیب مکہ ہونے سے قبل مسجدِ نبوی میں بھی امام وخطیب رہ چکے ہیں۔