سیریز کا تیسرا ٹی20: پاکستان اور انگلینڈ آج کارڈف میں آمنے سامنے ہوں گے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹی20 آج کارڈف میں کھیلا جائے گا، انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی20 کے لیے گرین شرٹس کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں متوقع ہیں۔ شاداب خان کی جگہ نسیم شاہ اور صائم ایوب کی جگہ عثمان خان کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
کرکٹ پاکستان کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹی20 میچ آج صوفیہ گارڈنز، کارڈف میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ نے 4میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے، جبکہ لیڈز میں شیڈول پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم شاید صائم ایوب کے ساتھ صبر کا دامن ہاتھ سے کھوچکی ہے اور ان کی جگہ عثمان خان کو موقع دیا جائے گا، جو ملتان سلطانز کے اپنے ساتھی کھلاڑی محمد رضوان کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے، جبکہ کپتان بابر اعظم نمبر تین پر بیٹنگ کے لیے آئیں گے۔
مڈل آرڈر میں طاقتور ہٹرز شامل ہیں جیسے فخر زمان، اعظم خان جو وکٹ کیپنگ بھی کریں گے، افتخار احمد اور آل راؤنڈر عماد وسیم، جو ٹیم کو رنز بنانے اور جب ضرورت ہو تو اننگز کو تیز کرنے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
پاکستان ممکنہ طور پر 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں جائے گا، جن کی قیادت شاہین آفریدی کریں گے اور حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد عامر ان کا ساتھ دیں گے۔
شاداب خان نے پہلے ٹی20 میچ میں 4 اوورز میں 55 رنز دیے تھے اور کوئی وکٹ نہیں لی تھی، جو ان کی بدترین ٹی 20 بولنگ پرفارمنس تھی۔ امکان ہے کہ ان کی جگہ نسیم شاہ کو پلیئنگ اسکواڈ میں شامل کیا جائے۔
واضح رہے 4 میچوں کی سیریز میں ابھی تک انگلینڈ کو برتری حاصل ہے، پہلا میچ بارش کے باعث ڈرا ہوا، دوسرا میچ انگلینڈ نے 23 رنز سے جیت لیا تھا۔