ملک بھر میں گرمی کا راج، پارہ 50 ڈگری تک پہنچ گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک کے طول و عرض میں سورج قہر ڈھانے میں مصروف ہے جہاں مختلف علاقوں میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج بھی ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا۔
ملک کے دیگر حصوں کی طرح سندھ بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، دادو میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوگیا، ہیٹ اسٹروک کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مریضوں کا رش بڑھنے لگا۔
اس کے علاوہ لاڑکانہ میں بھی صبح ہی درجہ حرارت 44 پر پہنچ گیا، گزشتہ روز گرمی سے حیدرآباد اور نوشہرو فیروز میں 3 افراد چل بسے تھے۔
شہر کراچی میں 31 کا درجہ حرارت 37 تک محسوس کیا جارہا ہے، شہر قائد میں بارش کے امکانات بھی انتہائی کم رہ گئے ہیں، جبکہ شہر بھر میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پنجاب کے درالحکومت لاہور میں پارہ 46 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے، چولستان میں درجہ حرارت 50 ڈگری، رحیم یارخان میں درجہ حرارت 49، فیصل آباد میں 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق لاہور ، راولپنڈی ، مری ،گلیات ،گوجرانوالہ سمیت صوبے کے مختلف حصوں میں بارشوں کا امکان ہے، تاہم جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدید لہر اور ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہے گی ۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے یکم جون تک ملک کے بالائی حصوں میں گردو غبار، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، بالائی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے، مذاکرات کامیاب
دوسری جانب پشاور میں بجلی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے ایم ون سے چارسدہ تک موٹروے بند کردی تھی، اکبر پورہ اور قریبی دیہات کے شہریوں نےموٹروے کو احتجاجا بند کردیا تھا۔
مظاہرین نے بتایا کہ اکبر پورہ اور ملحقہ علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، جب تک غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی نہ کرائی گئی احتجاج ختم نہیں کریں گے۔
بعد ازاں مظاہرین اور مقامی پولیس کے مابین مذاکرات کامیاب، مذاکرات کے بعد موٹروے آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا اور مظاہرین بھی منتشر ہوگئے، پولیس نے 3 جون تک عمائدین کی پیسکو حکام سے ملانے کی یقین دہانی کروائی ہے، عمائدین پیسکو حکام سے لوڈشیڈنگ سے متعلق ریلیف کی ڈیمانڈ پیش کریں گے۔