کسانوں کے لیے بہت بڑا کسان کارڈ پراجیکٹ لارہے ہیں، مریم نواز شریف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ گندم خریداری میں گھپلے ہوتے تھے، اب ڈائریکٹ کسان کوسبسڈی دیں گے۔ پنجاب کے کاشتکاروں کے لیے بہت بڑا کسان کارڈ پراجیکٹ لارہے ہیں، جس کے بعد اشیاء خورونوش کے نرخ مزید نیچے آئیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مختلف اضلاع کے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، اس دوران مریم نواز نے انکو بتایا کہ وفاقی حکومت کو زرعی مشینری اورٹریکٹر وغیرہ پر امپورٹ ڈیوٹی کم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ پرائس کنٹرول اور دیگر امور کے لیے الگ سسٹم بنا رہے ہیں۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ شہروں میں ہائبرڈ بسیں لارہے ہیں اورنوجوانوں کو موٹر سائیکل دیں گے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتی ہے تو نرخ نیچے گرتے ہیں۔ کچھ لوگ کہتے تھے ہم آلو پیاز کے لیے حکومت میں نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ 2سے 4مرلے کے پلاٹ پر گھر بنانے کے لیے قرضے کی تجویز زیر غور ہے۔ بے گھر لوگوں کو گھر بنا کردیں گے، دیہات میں پلاٹ دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی کے لیے چین سمیت دیگر ممالک سے رابطے کررہے ہیں۔
ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ مریم نوازشریف غریب آدمی کے لیے بہت کچھ کررہی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا پارلیمنٹیرین سے مسلسل رابطہ خوش آئند اوراچھی روایت ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اختراعی آئیڈیاز لے کر عوام کی فلاح وبہبود کے بہترین کام کررہی ہیں۔
ملاقات کرنے والوں میں ارکان صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ، مرغوب احمد، کاشف پڈھار،محمد حسن ریاض، نعیم صفدر انصاری، غزالی سلیم بٹ، زاہد اکرم، طارق سبحانی، محمد سلمان نعیم، قاسم ندیم، سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری شہباز اور بلال ذوالفقارعلی کھوکھر شامل تھے۔