عدلیہ میں کچھ کالی بھیڑیں موجود، عمران نیازی کے کیس ختم کرنے کے لیے مشورے ہورہے ہیں، شہباز شریف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان و مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے آچکا ہے، یہ وہ شخص ہے جو پاک فوج کو بدنام کررہا ہے۔
مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عدلیہ سے کہتا ہوں کہ مہربانی کریں، اگر پاکستان میں ترقی اور خوشحالی واپس آئی تو پھر نہ کوئی جج ہوگا، نہ کوئی سیاستدان اور پھر نہ کوئی اور ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ عدلیہ میں موجود ججوں کی اکثریت ایسی ہے جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی چاہتی ہے مگر چند کالی بھیڑیں عمران خان کے ساتھ ملی ہوئی ہیں، آج یہ مشورے ہورہے ہیں کہ کیسے عمران خان کے سارے کیسز ختم کیے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ 190 ملین پاؤنڈ نواز شریف نے پاکستان کے خزانے کے بجائے کسی اور کے خزانے میں نہیں ڈالے، اس کے علاوہ ججوں کو یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ توشہ خانہ سے چوری مسلم لیگ ن نے نہیں بلکہ عمران خان نے کی۔
شہباز شریف نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ عوام آپ کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ آج عمران خان پاک فوج اور ملک کے خلاف زہر اگل رہے ہیں، یہ قوم کبھی اس بات کو معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی صدارت میرے پاس ایک امانت تھی جو آج واپس نواز شریف کے سپرد کردی ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف کی خدمات کو پوری دنیا میں رسوا کرنے کی کوشش کی گئی مگر ان لوگوں کے منہ کالے ہوئے اور نواز شریف سرخرو ہوا۔شہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف کو پاناما سے اقاما میں سزا دی گئی جس کا کوئی اخلاقی یا قانونی جواز نہیں تھا، ہم دوبارہ وہی پاکستان بنائیں گے جو نواز شریف نے 2017 میں چھوڑا تھا۔
شہباز شریف نے کہاکہ نوازشریف کی قیادت مجھے اور ساتھیوں کو ہر قیمت پر مطلوب ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2018 میں مسلم لیگ ن کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، آج ہر کوئی یہ کہنے پر مجبور ہے کہ اس وقت انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی۔