پختہ شعور کے بغیر سوشل میڈیا نے ہماری قوم کو تقسیم کیا غلط بیانیہ کے ذریعے ریاست اور نوجوانوں میں خلیج پیدا کی گئی،میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سماجی اقدار میں پختہ شعور کے بغیر سوشل میڈیا نے ہماری قوم کو تقسیم کیا غلط بیانیہ کے ذریعے ریاست اور نوجوانوں میں خلیج پیدا کی گئی نوجوانوں کے ساتھ ڈائیلاگ کا عمل جاری رکھیں گے نوجوانوں سے ہر فورم پر دلائل کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو 13ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

وزیر اعلٰی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہر طرح کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے دہشت گردی کی عفریت ، مذہبی اور لسانی بنیادوں پر قوم کو تقسیم کرنے کی سازشیں کی گئیں تاہم الحمدللہ افواج اور قوم نے قومی یکجہتی کے ذریعے ملک کے خلاف ہر طرح کی سازشوں کو ناکام بنایا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صحت مند معاشرے میں انفرادی رائے رکھنا ہر کسی کا جمہوری حق ہے تاہم ذاتی رائے کو زمینی حقائق اور سچائی کے پیمانے سے ناپنا ضروری ہے کسی بھی مقبول بیانیہ کی گہرائی میں تصدیق کی جانی چاہئے

انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا پیشگی تیاری کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی جانب گئی تاہم ہم بغیر کسی شعوری تیاری کے ساتھ سوشل میڈیا کے دور میں داخل ہوئے جس کے منفی اثرات براہ راست معاشرتی اقدار پر رونما ہوئے جو لمحہ فکریہ ہیں انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ہر سطح پر ان کی بات سنیں گے اور ان کے مسائل کا مداوا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے


وزیر اعلٰی نے کہا کہ نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے ذریعے قومی سطح پر بلوچستان کا تصور موثر طور پر واضح ہوا ہے جو ایک خوش آئند بات ہے اس ورکشاپ میں شامل تمام صوبوں کے شرکاء کو بلوچستان کے زمینی حقائق سے آگاہی حاصل ہوئی وزیر اعلٰی نے کہا کہ صوبائی حکومت ایسی مثبت سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے ان کا تسلسل جاری رکھنے کے لئے ہر ممکن معاونت و تعاون کرے گی تقریب کے اختتام پر وزیر اعلٰی بلوچستان نے ورکشاپ کے شرکاء کو سرٹیفکیٹس بھی دئیے