پاکستان نے ایٹمی دھماکا کرکے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، نواب زہری
خضدار(قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثنا اللہ خان زہری نے 28 مئی کے تاریخ ساز دن پر اہل وطن کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا ہی کہ کہ 28 مئی کے موقع پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، دفاع وطن کا مشن سر انجام دینے والی ٹیم کے ہر فرد کو سلام ہے، پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے جوہری پروگرام کا آغاز ابتدا میں ذوالفقار علی بھٹو نے شروع کیا تھا، ذوالفقار علی بھٹو نے تمام عالمی دباؤ کو رد کرکے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے سفر کا آغاز کیا اور بے نظیر بھٹو نے اپنے دونوں حکومتی ادوار میں ملک کے جوہری پروگرام پر ہر قسم کے دباؤ کے باوجود کام جاری رکھا۔ 28 مئی 1998 کو چاغی کے پہاڑ پر پاکستان نے ایٹمی دھماکا کرکے بھارت کے تکبر اور غرور کو خاک میں ملا دیا، پاکستان کو پہلی ایٹمی طاقت بنانے والے اور اس پروگرام پر خون جگر دینے والے تمام اکابرین، ماہرین، سائنسدان، سیاستدانوں اور پاکستانی قوم کو سلام پیش کرتے ہیں کہ 28 مئی پاکستانی قوم ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کیلئے فخر کا دن ہے اور ایٹمی پروگرام پاکستان کے مضبوط دفاع کی علامت ہے، مضبوط دفاع کیلئے پاکستان ایٹمی طاقت بن گیا، اب وقت آگیا ہے کہ اقتصادی لحاظ سے ملک کی ناقابل تسخیر معیشت بن جائے۔ 28 مئی کے موقع پر ہمیں اتحاد و اتفاق، یکجہتی، محنت وہمت برداشت و رواداری کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔