خبریں وائرل کرنے کی پاداش میں حب سے اغوا فیصل ساکرانی بازیاب ہوگئے


حب(قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا ایکٹویسٹ فیصل ساکرانی اغواءکے بعد بازیاب، صحافی کے اغوا کے خلاف ساکران اور حب میں عوامی حلقوں اور سیاسی کارکنوں کا احتجاج، صحافی تنظیموں کی جانب سے مذمت، سوشل میدیا ایکٹویسٹ فیصل ساکرانی کو سی ٹی ڈی کیخلاف سوشل میدیا پر خبریں وائرل کرنے کی پاداش میں مبینہ طور پر اغوا کیا گیا، مظاہرین کا الزام۔ اس حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ روز شام کے وقت ساکران کے علاقے ماموں ہوٹل کے مقام سے ساکران کے سوشل میڈیا ایکٹویسٹ فیصل ساکرانی کو دوگاڑیوں میں سوار بعض نامعلوم مسلح افراد زبردستی مبینہ طور پر اغوا کر کے اپنے ہمراہ لے گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ساکران کے اہل علاقہ اور سیاسی کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور صحافی بھی ساکران پہنچ گئے۔ اس موقع پر مشتعل مظاہرین نے سڑک بلاک کردی مظاہرین کا کہنا تھا کہ صحافی فیصل ساکرانی کو مبینہ طور پر CTDکے خلاف سوشل میڈیا پر خبریں پوسٹ کرنے کی پاداش میں اغوا کیا گیا ہے تاہم اہل علاقہ اور صحافیوں کے احتجاج اور بعض علاقائی معتبرین کی مداخلت پر فیصل ساکرانی کو رہا کردیا گیا صحافی فیصل ساکرانی کے اغوا کے حوالے سے لسبیلہ پریس کلب کے ممبران نے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ادارے صحافیوں کو ہراساں کرنے کے بجائے اپنے دائرہ اختیار اور اپنی اصلاح پر توجہ دیں۔