خاور مانیکا پر پی ٹی آئی وکلا کا تشدد، تھپڑ، لاتیں اور بوتلیں برسا دیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی عدالت میں آمد پر پی ٹی آئی وکلا نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، عدالتی احاطے میں موجود پی ٹی آئی کے وکلا نے ان پر تشدد کیا اور تھپڑ، لاتیں اور بوتلیں برسا دیں۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عدت میں نکاح کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا عدالت میں پیش ہونے کے لیے آئے اور عدالتی احاطے میں پی ٹی آئی وکلا کے ہتھے چڑھ گئے، خاور مانیکا پر وکیل کے تشدد کے بعد ان کے ساتھ موجود وکلا نے انہیں بچایا اور عدالت میں لے گئے۔
عدالت میں جج کے چیمبر میں جانے کے بعد بھی پی ٹی آئی وکلا نے کمرہ عدالت میں خاور مانیکا کو بوتلیں ماریں۔
یاد رہے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج شاہ رخ ارجمند نے عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے جو آج سنایا جانا ہے۔
عدالت پہنچتے ہی خاور مانیکا نے عدالت سے گزارش کی کہ مجھے بولنے کے لیے دس منٹ چاہیے ہیں، میں بتانا چاہتا ہوں کہ کس دکھ سے گزر رہا ہوں، جس پر جج شاہ رخ ارجمند بولے کہ اپنے وکیل سے کہیں کہ آپ کی بات بتائیں۔
خاور مانیکا نے کہا کہ میرے احساسات میرا وکیل نہیں بتا سکتا، مجھے معلوم ہے کیا فیصلہ ہونا ہے، وکیل پی ٹی آئی بولے کہ خاورمانیکا کوتوہین عدالت کا نوٹس جاری کریں، جس پر خاور مانیکا نے کہا کہ میں تم سے بات نہیں کررہا، عدالت سے کررہا ہوں، نعیم پنجوتھا نے کہا کہ خاورمانیکا صرف عدالتی کارروائی میں تاخیرچاہتا ہے۔ جس کے بعد کمرہ عدالت میں پی ٹی آئی وکلا اورخاورمانیکا کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی۔