نیب ٹیم کا بحریہ ٹاؤن کے راولپنڈی دفتر پر چھاپہ وعدہ معاف گواہ نہیں بنوں گا، ملک ریاض


نیب ٹیم بحریہ ٹاؤن کے دفتر کے مختلف حصوں کی تلاشی لے رہی ہے
راولپنڈی (قدرت روزنامہ)قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے معروف نجی ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن کے راولپنڈی دفتر پر چھاپہ مارا ہے۔ذرائع کے مطابق چھاپہ القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے مارا گیا، پولیس اور نیب کی ٹیم بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کے فیز ٹو آفس پہنچیں۔
چھاپے کے دوران نیب ٹیم کے ہمراہ پنجاب پولیس اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں بھی تھیں۔ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے ہاؤسنگ سوسائٹی کا دفتر سیل کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نے بحریہ ٹاؤن کے دفتر کے مختلف حصوں کی تلاشی لی اور عملے سے بھی پوچھ گچھ کی۔

واضح رہے کہ بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں ملزم نامزد ہیں۔دو روز قبل بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض حسین نے ایک ٹوئٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے مجھ پر سمجھوتا کرنے کے لیے بہت دباؤ ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ کسی دباؤ کے ہتھکنڈوں کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالوں گا۔اور اب آج راولپنڈی دفتر پر ہونے والی ریڈ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’ملک ریاض وعدہ معاف گواہ نہیں بنے گا، جو چاہے مجھ پر ظلم کرو‘۔ انہوں نے ریڈ کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی شئیر کی۔