ایل پی جی کی قیمت میں 70 روپے فی کلو کمی، آئندہ مزید کمی کا بھی امکان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کے مطابق 70روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، تاہم ملک بھر میں ایل پی جی قیمت 250 سے 180روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان درآمد شدہ ایل پی جی کے 3 جہاز کراچی پورٹ پر پہنچتے ہی کیا گیا، اور آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید کمی کا اعلان بھی کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔درآمد شدہ ایل پی جی پاکستان پہنچتے ہی او جی ڈی سی ایل نے پیداواری لاگت کم کردی، تاہم مزید ایک جہاز اور پہنچنے کے بعد پیداواری لاگت میں مزید کمی کی جائے گی۔
اس سے قبل اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت 238 روپے مقررہ کی تھی مگر مافیا 240 سے 250 روپے فی کلو فروخت کر رہا تھا، ایل پی جی مافیا کی بلیک میلنگ پر اوگرا اور دیگر حکومتی اداروں کی جانب سے بھی خاموشی اختیار کی گئی۔ایل پی جی کے کاروبار سے منسلک افراد نے الزام عائد کیا کہ او جی ڈی سی ایل نے صرف چند افراد کو نوازنے کے لیے قیمت میں کمی کی، او جی ڈی سی ایل نے ایل پی جی کی پیداواری قیمت میں 32 ہزار میٹرک ٹن تک کمی کی۔
تاہم واضح رہے ایل پی جی کی پیداواری قیمت 1 لاکھ 62 ہزار میٹرک ٹن سے کم ہو کر 1 لاکھ 30 ہزار پر آگئی ہے، ایل پی جی کے تمام اسٹوریج ایل پی جی سے بھرگئے ہیں۔ آئندہ ہفتے ایل پی جی کی قیمت میں مزید کمی ہوگی۔