شیر افضل مروت اور عشرت العباد کی دبئی میں ملاقات میں کیا طے پایا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سنیئر نائب صدر شیر افضل مروت نے سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے دبئی میں ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، 3 گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیاسی روابط کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر ڈاکٹرعشرت العباد نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کا وفاقی حکومت اور ایس آئی ایف سی کے ساتھ تعاون اچھا شگون ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی اور گورننس کے معاملات کو سیاسی اختلافات سے الگ رکھنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بامعنی ڈائیلاگ سے ہی موجودہ سیاسی درجہ حرارت کو کم کیا جاسکتا ہے، مفاہمت کی سیاست ہی ملک کو درپیش بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد کی سیاسی بصیرت اور معاملہ فہمی کے سب معترف اور قائل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے صحافیوں سے ویڈیو لنک پر گفتگو میں سابق گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے پاکستان واپس آنے اورسیاست میں متحرک ہونے کا اشارہ دیا تھا تاہم انہوں نے پاکستان آنے کی کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے ملک واپس آنے پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے، جلد واپس آؤں گا، فی الحال کسی پارٹی میں شامل نہیں ہورہا، 2016 میں آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی میں ششمولیت کی دعوت دی تھی، تاہم میں نے معذرت کرلی تھی، میرے پاس 2 آپشن ہیں ’تماشائی بن جاؤں’ یا ’کچھ کروں‘۔