بھکاری مافیا کو جیل کی ہوا کھانی ہو گی,پنجاب بھر کی جیلوں میں بھکاریوں کیلئے بیرک مختص کرنے کا فیصلہ


فیصل آباد(قدرت روزنامہ)سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے پنجاب بھر کی جیلوں میں بھکاریوں کیلئے بیرک مختص کرنے کی ہدایت کر دی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ بھکاری مافیا کو جیل کی ہوا دکھائی جائے گی اور قانون اپنا راستہ لیگا۔ نور الامین مینگل نے پنجاب کی جیلوں میں ملاقاتیوں کے کمروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت بھی کی۔ گرمی کے موسم میں ملاقاتی کمرے میں ائیر کنڈیشنڈ کا استعمال کیا جائے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ہدایت کی کہ جیلوں میں ملاقاتی کمرے کو IDAP ڈیزائن کرے اور تمام سہولتیں دی جائیں۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد کا دورہ کیا اور صوبہ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی ہیلتھ سکریننگ کی ہدایت کی۔ سیکرٹری داخلہ نے جیل میں ملاقاتیوں کے کمرے، کچن، جیل ہسپتال، مرد اور خواتین کے بیرکس کا معائنہ کیا۔ نور الامین مینگل نے جیل میں کھانے کا معیار دیکھا اور فوڈ اتھارٹی کو ماہانہ سرپرائز وزٹ کی ہدایت کی۔
سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ جیلوں کے کچن میں حفضان صحت کے اصولوں کے مطابق فوڈ گریڈ برتن استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ کنسلٹنٹ سے جیل عملے کھانے کی تیاری اور صحت بخش پریکٹس بارے تربیت دلوائی جائے۔ ڈی آئی جی کامران اور سپرٹنڈنٹ جیل علی اکبر نے سیکرٹری داخلہ کو بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداللہ نئیر شیخ بھی سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ تھے۔ اس سے قبل سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کمشنر آفس فیصل آباد میں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ کمشنر فیصل آباد، آر پی او اور سی پی او فیصل آباد کے علاوہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ریجن میں کریمنل گینگز، ڈرگ مافیا اور بجلی چوروں کے خلاف ایکشن کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ پنجاب فورینزک سائنس ایجنسی کو ریجنل سطح پر اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ اپگریڈیشن سے فورینزک سائنس ایجنسی کے تمام بڑے ٹیسٹس کی سہولت ریجنل سطح پر دستیاب ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ سنگین جرائم کے واقعات میں فورینزک سائنس ایجنسی کے نتائج فوری حاصل ہوں گے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے چائینیز سیکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
نور الامین مینگل نے کہا کہ چائنیز سکیورٹی پر مامور سرکاری و پرائیویٹ عملہ بہترین پروفیشنل ریسورس ہونا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چائینیز کی موومنٹ کے دوران تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔ نور الامین مینگل نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عید الاضحی سے قبل مویشی منڈیوں اور مساجد میں سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔