پنجاب کی جیلوں کی تزئین و آرائش، کھانوں کا معیار بڑھانے کی تیاریاں مکمل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت پنجاب نے صوبے کی جیلوں میں قیدیوں کو بہتر معیاری کھانوں سمیت مختلف سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان صبیح گوندل نے وی نیوز کو بتایا ہے کہ پنجاب کی جیلوں میں اس وقت ہزاروں کی تعداد میں قیدی ہیں جن کی کونسلنگ کے لیے بہترین ماہرین نفسیات کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
صبیح گوندل نے کہا کہ قیدیوں کے کھانے کا مینیو بھی تبدیل کیا جارہا ہے اور حفظان صحت کے مطابق کھانا تیار کرنے کے لیے پرائیویٹ کنسلنٹنٹس کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں جو قیدیوں کو کھانا بنانے اور کھانا کھلانے کی تربیت دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جیل میں کھانا بنانے کے لیے پیتل کے برتن استعمال ہوں گے اور قیدیوں کو کھانا بھی پیتل کے برتنوں میں دیا جائے گا۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ سیکریٹری داخلہ نور الامین مینگل کی طرف سے ہدایت کی گئی ہے کہ قیدیوں کو اب سے حفظان صحت کے مطابق کھانا دیا جائے۔

ترجمان نے بتایا کہ کھانوں کے معیار اور صاف ستھرائی کو بہتر بنانے کے لیے فوڈ اتھارٹی پنجاب کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ پنجاب کی مختلف جیلوں پر چھاپے مارے اور تیاری سے لے کر کھانے کے ذرائقے تک کو چیک کرے۔
صبیح گوندل نے کہا کہ جس علاقے یا شہر کی جیل میں غیر معیاری کھانا قیدیوں کھلایا جارہا ہوگا وہاں جیل کے انچارج سے اس حوالے سے باز پرس کی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ فوڈ اتھارٹی حفظان صحت کےمطابق قیدیوں کو کھانا نہ ملنے کی صورت میں محکمہ داخلہ پنجاب کو رپورٹ کریں گے جس کے بعد محکمہ جیل سپرڈینڈینٹ سے جواب طلبی ہوگی۔
قیدیوں کے لیے جیلوں میں یوٹیلٹی اسٹورز
جہاں حکومت پنجاب جیل کے قیدیوں کے لیے کھانے پینے کا بہترین انتظام کر رہی ہے وہیں اشیا خورونوش لینے کے لیے جیلوں میں موجود یوٹیلٹی اسٹورز کو بھی آباد کیا جارہا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل نے پنجاب کی تمام جیلوں کے انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ جیلوں کے اندر یوٹیلٹی اسٹورز کو آباد کیا جائے اور ایک ماہ کے اندر یوٹیلٹی اسٹوروز میں تمام اشیا خورونوش دستیاب کرائی جائیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ قیدیوں کے لیے چائے پینے کا بہترین انتظام کیا جائے گا۔
جیلوں کی تزئین و آرائش کی جائے گئی

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کی جیلوں کو بہتر کرنے کے لیے ان کی تزئین و آرائش بھی کی جائے گئی اور بیرکوں میں نئے ٹائلز بھی نصب کیے جائیں گے۔
صبیح گوندل نے بتایا کہ ملاقاتیوں کے کمرے کو دوبارہ سے سجایا جائے گا اس میں اے سی اور نئے فرنیچر سے آراستہ کیا جائے گا۔