شمالی کوریا نے 10 بیلسٹک میزائل فائر کردیے، ایک میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون کے باہر جا گرا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شمالی کوریا نے کم فاصلے کے 10 بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں جن میں سے ایک میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون کے باہر جا گرا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق، جاپان کے وزیراعظم فومیو کیشیدا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون کے باہر گرا۔
جنوبی کوریا کی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیلسٹک میزائل جمعرات کی صبح 6 بجکر 14 منٹ پر شمالی کوریا کے دارالحکومت پیونگ یانگ کے نزدیکی علاقے سونان سے فائر کیے گئے جو 217 میل دور سمندر میں جا کر گرے۔
جنوبی کوریا کی فوج نے کہا کہ وہ شمالی کوریا کی جانب سے فائر کیے گئے میزائلوں سے متعلق معلومات امریکا اور جاپان کو فراہم کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ پیر کو شمالی کوریا جاسوسی کی غرض سے لانچ کیا گیا سیٹلائیٹ راستے میں تباہ ہوگیا تھا، جس کے بعد شمالی کوریا کی جانب سے آج 10 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔
آج صبح ایک بیان میں شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹی جنرل کے اس بیان کی مذمت کی جس میں انہوں نے شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ملٹری سیٹلائٹ لانچ کیے جانے کے اقدام کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی کوریا نے کچرے سے بھرے تھیلے غباروں سے باندھ کر جنوبی کوریا میں گرا دیے تھے جس کے بعد جنوبی کوریا میں سڑکوں پر کچرا پھیل گیا تھا۔
شمالی کوریا کی جانب سے اس اقدام پر جنوبی کوریا نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اقدام عالمی قانون کی خلاف ورزی اور شہریوں کی سلامتی کو شدید خطرے کا سبب ہے، شمالی کوریا ایسی غیرانسانی اور گری ہوئی حرکتیں کرنا بند کرے۔