اڈیالہ جیل سے غیرملکی ویب سائٹ کو دیا گیا عمران خان کا انٹرویو ’PAID‘ تھا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برطانوی اور امریکی صحافی مہدی حسن نے عمران خان کا اڈیالہ جیل سے انٹرویو کرکے اسے اپنی ویب سائٹ پر شائع کیا ہے، جس پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے الزم عائد کیا ہے کہ مہدی حسن نے یہ انٹرویو ’پیسے لے کر‘ کیا ہے۔
مہدی حسن نے عمران خان کا اڈیالہ جیل سے خصوصی انٹرویو اپنی ویب سائٹ zeteo.com پر گزشتہ روز شائع کیا تھا جس میں سرخی کے نیچے ان کے نام اور تاریخ کے ساتھ ’PAID‘ لکھا ہوا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے اس بنیاد پر الزام عائد کیا کہ مہدی حسن کا یہ انٹرویو پیسے لے کر شائع کیا گیا ہے۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے ویب سائٹ پر شائع انٹرویو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’پیسے لو، انٹرویو دو۔‘
صحافی مہدی حسن نے انٹرویو کی ابتدا میں عمران خان کا تعارف پیش کیا اور بتایا کہ اس خصوصی انٹرویو میں عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کو ’غیرقانونی‘ قرار دیا اور اس حوالے سے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق بھی بات کی۔
صحافی مہدی حسن نے اگلے ہی پیراگراف میں واضح طور پر بتایا، ’یہ کوئی عام انٹرویو نہیں، عمران خان جیل میں قید ہیں جس کی وجہ سے میں صرف انہیں سوال بھیج سکا، مجھے ان سے براہ راست بات کرنے کی اجازت نہ تھی۔‘
انہوں نے مزید بتایا، ’میں ان سے ضمنی سوالات نہیں کرسکتا تھا لیکن اس کے باوجود ہمیں یقین ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان کا یہ انٹرویو انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔‘
صحافی مہدی حسن نے کہا، ‘یہی وجہ ہے کہ گزشتہ ماہ ہماری ویب سائٹ کی لانچ کے بعد یہ ایسا پہلا انٹرویو ہے جو ہمارے ’Paid‘ سبسکرائبرز کے لیے دستیاب ہوگا۔ اگر آپ فری سبسکرپشن رکھتے ہیں تو آج ہی اسے اپگریڈ کریں ہماری ویب سائٹ کی صحافت کو مالی طور پر سپورٹ کریں۔‘
مہدی حسن نے حنا پرویز بٹ کو کیا جواب دیا؟
صحافی مہدی حسن نے ایکس پر حنا پرویز بٹ کی پوسٹ کے جواب میں لکھا، ’برسراقتدار جماعت سے تعلق رکھنے والی یہ پاکستانی سیاستدان سازشی تھیوری پیش کررہی ہیں کہ مجھے عمران خان کا انٹرویو کرنے کے لیے ’ادائیگی‘ کی گئی۔ (ویب سائٹ پر شائع کی گئی) پوسٹ کے نیچے لکھے ’Paid‘ کا مطلب ہے کہ یہ صرف Zeteo کے پیڈ سبسکرائبرز کے لیے ہے۔‘
مہدی حسن نے حنا پرویز بٹ کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا، ’تصور کریں کہ کوئی اتنا جاہل اور سازشی ہونے کے ساتھ ساتھ منتخب بھی ہوسکتا۔‘
سوشل میڈیا صارفین نے حنا پرویز بٹ اور مہدی حسن کی پوسٹس میں نہایت دلچسپ کمنٹس شیئر کیے ہیں۔
صارف شیر بانو نے مہدی حسن کی پوسٹ کے جواب میں کہا، ’میری حسین آنٹی ہمیشہ سے ایسی غلطیاں کرتی ہیں۔‘
صائم بلوچ نے لکھا، ’یہ صرف پیڈ سبسکرائیبرز کے لیے ہے، پٹواری ہر جگہ ذلیل ہونے کے لیے پیدا ہوئے ہیں۔‘
محمد نواز خان نے کہا، ’میرے دوست مہدی حسن، براہ کرم انہیں نظرانداز کریں، آپ انہیں غیرضروری اہمیت دے رہے ہیں، یہ لوگ یہی چاہتے ہیں، آپ اپنا مثبت کام جاری رکھیں۔‘
حنا پرویز بٹ کی پوسٹ کی جواب میں صارف نادر بلوچ نے کہا، ’ویسے کمال لوگ ہیں، یہ بھی علم نہیں کہ سبسکرائب کیے بغیر میگزین نہیں پڑھ سکتے، اس لیے پیڈ قرار دیا گیا ہے۔‘
ویسے کمال لوگ ہیں،، یہ بھی علم نہیں کہ سبسکرائب کیے بغیر میگزین نہیں پڑھ سکتے، اس لیے پیڈ قرار دیا گیا ہے
انس نے لکھا، ’عمران خان صاحب نے فرمایا تھا ایک تو یہ لوگ پڑھے لکھے نہیں اور پھر کوشش بھی نہیں کرتے۔‘
مہوش قمس خان نے پوچھا، ’آپ کی پی ایچ ڈی کیسی جارہی ہے؟‘