کراچی:گرومندر کے قریب کار پر فائرنگ، 2 سگے بھائی جاں بحق، ایک شخص زخمی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے جمشید ٹاؤن میں گرومندر کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی کار پر فائرنگ سے 2 سگے بھائی جاں بحق، 1 شخص زخمی ہوگیا ہے۔
ایس پی جمشید ٹاؤن علینہ راجپر کے مطابق گرومندر کے قریب 4 نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ایک کار پر فائرنگ کی، جس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے، جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
علینہ راجپر کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوان سگے بھائی ہیں، واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگ رہا ہے، کار پر فائرنگ مبینہ طور پر دشمنی کی بنا پر کی گئی۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے پستول کی گولیوں کے 18 خول ملے ہیں، جبکہ پولیس واقعے کے محرکات کو جاننے کی کوشش کررہی ہے۔