آذربائیجان کے وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
وزارت خارجہ آمد پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آذربائجان کے وزیر خارجہ کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوگی۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہو گی۔
دونوں رہنما پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور آزربائجان کے وزیر خارجہ مشترکہ نیوز کانفرنس بھی کریں گے۔
آذربائیجان کے وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔