’آپ چھکے کیوں کھا رہے ہیں؟‘، شاداب کے ساتھ تصویر لیتی خاتون کا سوال وائرل
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برطانیہ کے شہر کارڈف میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز جاری ہے، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹی 20 میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا، پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 23 رن سے شکست دی تھی۔ جس میں قومی کرکٹر شاداب خان نے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے 4 اوورز میں 55 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کی جو ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں اب تک کی بدترین کارکردگی ہے۔
پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان کو خراب فارم کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔ گزشتہ روز بارش سے متاثرہ میچ کے بعد شائقین نے شاداب خان کو گھیر لیا ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور ان کی پرفارمنس کے حوالے سے بات چیت کی۔ ایک خاتون نے شاداب خان کے ساتھ تصویر لیتے ہوئے سوال کیا کہ ’آپ چھکے کیوں کھا رہے ہیں، فارم میں واپس آئیں، وکٹیں لینی ہیں آپ نے‘۔
ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف رد عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، ایک صارف نے لکھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو کچھ بنیادی آداب سیکھنے کی ضرورت ہے۔ صارف کا مزید کہنا تھا کہ شاداب کے لیے احترام بڑھ گیا ہے کہ انہوں نے خاتون کی جانب سے سوال پر کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا۔
ایشا نامی صارف نے خاتون کو آرے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی شرمناک ہے، اگر شاداب خان اتنا ہی برا کھلاڑی ہے تو اس کے ساتھ تصاویر کیوں بنوا رہی ہیں، انہوں نے مزید لکھا کہ شاداب خان ایسے سوال پر شرمندہ ہو گیا ہے۔
ایک ایکس صارف نے لکھا کہ یہ بہت ذلت آمیز رویہ ہے، آپ نہیں جانتے کہ کوئی کن حالات سے گزر رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے شاداب خان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ایسے سوالات پر بھی وہ کتنے پر سکون اور کمپوزڈ ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم میچ میں شکست کے بعد شاداب خان کی خراب کارکردگی کے باوجود ان کا دفاع کرتے نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کھلاڑی پر بُرے دن کبھی کبھی آجاتے ہیں۔ شاداب جس طرح کا کھلاڑی ہے، ہم جانتے ہیں کہ وہ بیٹنگ، باؤلنگ اور خاص طور پر فیلڈنگ میں ہمارے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے اور وہ آنے والے میچز میں ضرور کم بیک کریں گے۔
واضح رہے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیزیز کا آخری ٹی 20 آج کھیلا جائے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم یکم جون کو انگلینڈ سے امریکا روانہ ہوگی اور ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو امریکا کے خلاف کھیلے گی۔
بھارتی ٹیم اپنا پہلا میچ 5 جون کو نیو یارک میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی، جس کے بعد 9 جون کو روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑا ٹاکرا ہوگا۔