اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان سمیت دنیا کے کئی خطے انتہائی درجہ حرارت کی لپیٹ میں ہیں جس سے گرمی سے متعلق صحت کے سنگین مسائل کا خطرہ بڑھ گیا ہے . اس حوالے سے کئی اقسام کی خوراک جسم کو قدرتی طور پر ٹھنڈا رکھنے اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں .
شدید گرمیوں میں ہیٹ اسٹروک کے خطرے کو دور کرنے کیلئے جہاں دیگر حفاظتی اقدامات جیسے زیادہ پانی پینا اور گھر سے باہر نقل و حرکت کو محدود کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے وہیں کچھ پھل بھی ایسے ہیں جو ہیٹ اسٹروک کے خطرات سے نمٹنے میں مدد کر سکتے ہیں . ذیل میں کچھ ایسے ہی پھلوں کا ذکر کیا جا رہا ہے .
1) تربوز
تربوز پانی اور فائبر سے بھرا ہوتا ہے . یہ ہضم کرنے میں آسان، میٹھا اور رس دار ہوتا ہے . تربوز گرم اور حبس کے دنوں میں تھکاوٹ کو دور کرنے میں بھی مدد کرتا ہے .
2) آم
پھلوں کا بادشاہ، آم گرمیوں کے موسم میں ایک انتہائی پسندیدہ پھل ہے . آم میں فائبر، وٹامنز اور اینٹی آکسیڈنٹس کی بھرمار بھی ہوتی ہے جو ہاضمے کو بہتر بناتی ہے اور مدافعتی نظام کو مضبوط بناتی ہے . آم میں پانی کی زیادہ مقدار جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں مدد دیتی ہے اور یہ جلد کو دھوپ سے تحفظ فراہم کرتی ہے .
3) کھیرا
گرمی کے دنوں میں اپنی خوراک میں کھیرا شامل کرنا ایک بہترین انتخاب ہوسکتا ہے جس میں وٹامن کے، پوٹاشیم اور میگنیشیم جیسے وٹامنز اور معدنیات موجود ہوتے ہیں جو کہ مجموعی صحت کے لیے ضروری ہیں .
4) پپیتا
بہترین پانی اور فائبر کے ساتھ ساتھ پپیتا ہیٹ ویو کے دوران ہاضمے کو صحت مند رکھتا ہے . وافر مقدار میں وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور پپیتا گرمی کی بیماریوں کو دور رکھنے کے لیے قوت مدافعت کو بھی بڑھاتا ہے .
5) سنترا
الیکٹرولائٹس، پانی کی مقدار اور وٹامن سی کی وجہ سے سنگترے گرمیوں کیلئے بہترین پھلوں میں سے ایک ہیں . سنترے جسم کو انتہائی درجہ حرارت سے محفوظ رکھنے اور جسم میں سیال کا توازن برقرار رکھنے میں مدد کرتے ہیں . علاوہ ازیں یہ گرمی میں تھکن یا ہیٹ اسٹروک سے لڑنے میں بھی مدد کرتا ہے .
6) آڑو
آڑو بھی موسم گرما میں ایک بہترین انتخاب ہے جو جسم میں سیال کا توازن برقرار رکھنے اور اسے مفید اینٹی آکسیڈنٹس فراہم کرنے میں مدد کرتا ہے . یہ وٹامن اے اور سی سے بھی بھرپور ہے جو صحت مند جلد کو فروغ دیتا ہے .
7) انناس
جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے، چکنائی کو کم کرنے اور ہاضمے کو بہتر کرنے کیلئے انناس بھی بہترین پھلوں میں سے ایک ہے . انناس سوزش کو بھی دور کرتا ہے اور بہت سی بیماریوں کو روکنے میں مدد فراہم کرتا ہے . یہ توانائی فراہم کرنے کے علاوہ وزن کم کرنے میں بھی معاون ہے .
8) بیریز
مزیدار اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھری بیریز وٹامنز اور معدنیات کا بہترین ذریعہ ہیں . ان میں فائبر بھی زیادہ ہوتا ہے اور بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہوتی ہے .