بلوچستان اپنے محل وقوع کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے ،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان اپنے محل وقوع کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور یہاں مختلف شعبوں میں نیشنل اور انٹرنیشنل سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے وسیع اور منافع بخش مواقع دستیاب ہیں. انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں غربت کے خاتمے اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں ہمارے قومی سرمایہ کار کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں لہذا ضروری ہے کہ حکومت اپنے تاجروں اور صنعتکاروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کریں اور ان کو ہمسایہ ممالک کی تجارتی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے میں مدد اور رہنمائی فراہم کریں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. صوبے کے مختلف اضلاع کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ کہ اکیسویں صدی کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی معدنیات اور دیگر وسائل خام حالت کی شکل میں باہر بھیجتے ہیں جبکہ یہاں چھوٹے بڑے کارخانوں اور صنعتوں کے قیام سے نہ صرف صوبے میں غربت اور بےروزگاری کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ اس سے مجموعی ملکی معاشی نظام کو استحکام ملے گا. گورنر بلوچستان نے کہا کہ سردست ہمیں مسقبل قریب میں رونما ہونے والی معاشی اور تجارتی تبدیلیوں کے پیش نظر ہمیں صوبے میں فنی وتیکنیکی اداروں کی فعالیت اور اپنی نئی نسل کو جدید مہارتیں سکھانے پر بھرپور توجہ مرکوز رکھنی ہوگی . .

.

متعلقہ خبریں