بلوچستان ہائیکورٹ کا کیچ میں ڈینگی مرض پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا حکم


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز جناب جسٹس عبداللہ بلوچ جناب جسٹس روزی خان بڑیچ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ضلع کیچ میں ڈینگی کے پھیلا کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔ معزز عدالت عالیہ نے گزشتہ سماعت میں ضلع کیچ میں ڈینگی سے تین افراد کی ہلاکت اور بیسیوں دیگر افراد کے متاثر ہونے پر سیکرٹری صحت حکومت بلوچستان ، سپیشل سیکرٹری صحت حکومت بلوچستان، سے سیکرٹری خزانہ حکومت بلوچستان اور ڈی جی پی ڈی ایم میں کو شوکاز نوٹسز جاری کرنے کا حکم سنایا تھا اس حکم کی تعمیل میں جواب دہندگان نے شوکاز نوٹسز کے جوابات جمع کرائے جنہیں ریکارڈ پر لے لیا گیا ساتھ ہی ان کی جانب سے پیشرفت رپورٹ بھی ضمیموں کے ساتھ جمع کرائی گئی جو ریکارڈ پر لے لی گئی اس موقع پر ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت عالیہ سے جواب دہندگان کو عدم پیشی اور عدم تعمیل پر جاری کیے گئے شوکاز نوٹسز خارج کرنے کی استدعا کی ان کا کہنا تھا کہ ان کی عدم پیشی جان بوجھ کر نہیں تھی بلکہ مس کمیونیکیشن کا نتیجہ تھی- معزز عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل کی جانب سے شوکاز نوٹسز واپس لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے جواب دیندگان کو آئندہ کے لیے محتاط رہنے کا حکم دیا- معزز عدالت کو دوران سماعت سیکرٹری صحت کی جانب سے ایک جامع رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ محکمے کی جانب سے ضلع کیچ میں ڈینگی کے مرض پر قابو پانے اور تمام متاثرہ افراد کو ہنگامی بنیادوں پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کر دیے گئے ہیں اور مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں اس موقع پر عدالت عالیہ میں موجود ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ڈپٹی کمشنر کیچ کے ذریعے مقامی انتظامیہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے رپورٹ پیش کی معزز عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر ڈی ایچ او کیچ نے پلیٹلیٹس اور سی بی سی مشینیں فراہم کرنے کی درخواست کی تھی معزز عدالت نے سیکرٹری صحت و ڈی جی پی ڈی ایم اے کو حکم دیا کہ محکمہ صحت کوئٹہ میں اس حوالے سے جو مشینیں دستیاب ہیں وہ ہنگامی بنیادوں پر ڈی ایچ اے کیچ کو فراہم کر دی جائے جبکہ بقیہ مشینیں ڈی جی پی ڈی ایم اے ایک ہفتے کے اندر انہیں فراہم کرے اور تمام لائف سہولیات بھی لوکل انتظامیہ کو فراہم کی جائیں تاکہ ضلع کیچ کے متاثرہ لوگو اور متاثرہ علاقے کو سہولیات بہم دستیاب رہیں- معزز عدالت نے انہیں ضلع کیچ و گرد نواح کے متاثرہ علاقوں میں ڈینگی کے خلاف سروے اور مہم جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی اور ڈی ایچ او کیچ اور ڈی سی کیچ کو آئندہ سماعت 12 جون 2024 پر رپورٹ جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔