کیا لاہور کا جناح اسپتال مریم نواز کے نام سے منسوب کیا جارہا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت پنجاب نے جناح اسپتال لاہور کے نام کی تبدیلی سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو فرضی اور جعلی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پنجاب میں کسی اسپتال کا نام تبدیل نہیں کیا جا رہا ہے۔
جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ڈاٹ کام‘ پر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ حکومت پنجاب سے منسوب ایک ایسا نوٹیفکیشن شیئر کیا گیا جس میں اعلان کیا گیا کہ بورڈ آف مینجمنٹ، علامہ اقبال میڈیکل کالج، جناح اسپتال لاہور کی جانب سے پاس کردہ قرارداد میں علامہ اقبال میڈیکل کالج، جناح اسپتال لاہور سے منسلک انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی زیر تعمیر بلڈنگ کا نام ’ مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (ایم این آئی سی وی ڈی) لاہور رکھا گیا ہے۔
حکومت پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ڈاٹ کام‘ پر اپنی پوسٹ کے ساتھ جعلی نوٹیفکیشن کی کاپی کو شیئر کرتے ہوئے اسے فرضی اور جعلی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پنجاب کے کسی ادارے کا نام تبدیل نہیں کیا جا رہا۔
عظمیٰ بخاری نے لکھا کہ حکومت پنجاب کے بارے میں یہ فیک نوٹیفکیشن زیر گردش ہے، جس کی سختی سے تردید کی جاتی ہے، کسی اسپتال کا نام نہیں بدلا جا رہا۔
واضح رہے کہ یہ نوٹیفکیشن سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے تاہم اس پر سیکریٹری کے دستخط موجود نہیں ہیں، نوٹیفکیشن کی کاپی چیف سیکریٹری پنجاب سمیت تمام متعلقہ اداروں کو بھی مارک کی گئی ہے جب کہ نوٹیفکیشن کے آخر میں فاطمہ نورین سینیئر پلاننگ آفیسر ٹو کا نام اور دستخط بھی موجود ہیں، تاہم ان کے دستخط اصل ہیں یا جعلی ہیں اس کی بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔