قومی احتساب بیورو میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی احتساب بیورو (نیب) میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے کیے گئے ہیں، جن کے مطابق قومی احتساب بیورو راولپنڈی کے ایڈیشنل ڈائریکٹرمحسن علی خان کا نیب ہیڈ کوارٹر تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
جمعرات کو ڈپٹی ڈائریکٹر واثق بااللہ کے دستخطوں سے جاری قومی احتساب بیورو (نیب ) کے نوٹیفکیشن کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئرمین نے اعلیٰ افسران کی تقرریوں اور تبادلوں کی فوری منظوری دے دی ہے جس کے مطابق نیب ہیڈ کوارٹر سے ایڈیشنل ڈائریکٹرمحمد سلطان نظیرکومحسن علی خان کی جگہ نیب آفس راولپنڈی میں تعینات کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نور اللہ اور نورمحمد کا نیب خیبرپختونخوا سے نیب بلوچستان میں تبادلہ کیا گیا ہے جب کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نمار بہادرغوری کو نیب راولپنڈی سے نیب کراچی تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر قاضی عاطف بصیرچغتائی کو نیب راولپنڈی سے نیب سکھر تبادلہ کیا گیا ہے جب کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز آصف لیاقت اور محمد عمر صدیق کو بھی نیب لاہور سے نیب سکھر تبادلہ کر دیا گیا ہے۔