روات میں جلسہ کرنے کی اجازت پر پی ٹی آئی ناخوش کیوں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو روات میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے کمشنر آفس کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ دینے سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ کیس کی سماعت کے دوران اسلام آباد انتظامیہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر آفس نے پی ٹی آئی کو روات میں جی ٹی روڈ پر جلسے کی اجازت دے دی ہے۔
پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں جلسے کی اجازت دی جائے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس حوالے سے نئی پٹیشن دائر کی جاسکتی ہے۔
عدالت نے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جواب جمع کروانے پر پی ٹی آئی کی جلسے کی اجازت سے متعلق درخواست نمٹا دی۔
ڈپٹی کمشنر کے حکم کو چیلینج کریں گے، شعیب شاہین
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے کہا کہ وہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے پی ٹی آئی کو روات میں جلسے کی اجازت کے حکم کو چیلنج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کو پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی، پی ٹی آئی نے اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں جلسے کی درخواست دی تھی لیکن انتظامیہ نے روات کے علاقے جی ٹی روڈ پر جلسے کی اجازت دیدی ہے۔