گوادر میں مزدوروں کے قتل میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کر لیا، ضیا لانگو
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے کہا ہے کہ گوادر میں مزدوروں کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو ہم نے پکڑ لیا ہے اور ان ملزمان کا کہنا ہے کہ ان کو آرڈر ملا تھا کہ پنجاب سے آنے والے مزدوروں کو قتل کرنا ہے۔وزیر داخلہ بلوچستان نے صوبے کے دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سی ٹی ڈی سمیت اپنے تمام اداروں کو کہا کہ اس چیز کو ہم ہرگز برداشت نہیں کر سکتے کہ ہمارے غریب شہری ہر دن تخریب کاروں کا شکار بنیں، ہم نے ان کو سخت احکامات دیے تھے۔انہوں نے کہا کہ میں سی ٹی ڈی سمیت تمام اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں کہ جنہوں نے کوشش کر کے حکومت کے احکامات کو نبھایا اور گوادر میں مزدوروں کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو ہم نے پکڑ لیا ہے اور ان کے بیانات سے پتا چلتا ہے کہ ان کو آرڈر دیے گئے تھے اور ان سے بندوقیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان ملزمان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ نہ کسی ادارے کے ہیں اور نہ یہ کسی کے لیے کام کرتے ہیں، ہمیں کہا گیا ہے کہ یہاں جو بھی پنجاب مزدور آتا ہے آپ نے اس کو مارنا اور قتل کرنا ہے۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم اپنے عوام کو کہنا چاہتے کہ اب پاکستان کو بنانے کا وقت آ گیا ہے، ہمارے لوگوں نے بہت مشکلات کا سامنا کیا ہے، ہمیں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ یہ ہمارے حقوق کے لیے نہیں لڑ رہے بلکہ یہ ہمارے ملک میں تخریب کاری کرنے اور ملک کو دشمن قوتوں کے مطابق چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر بھی اگر ہم سختی کرتے ہیں تو اس کے پیچھے بھی یہی عناصر ہوتے ہیں جن کی روک تھام اور زندگی کے لیے ہم یہ سب چیزیں کرتے ہیں، ابھی وزیر اعلیٰ اور بلوچستان حکومت کا یہ فیصلہ ہے کہ یہ تخریب کار ہیں جن کا حقوق سے کچھ لینا دینا نہیں۔