چاغی کے بیشتر علاقوں میں ملیریا کی وبا پھیلنے سے کئی بچے متاثر


چاغی(قدرت روزنامہ)چاغی شہر میں ملیریا کی وبا پھوٹ پڑی، کئی بچے متاثر، ملیریا کے ایک مریض کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ تحصیل چاغی شہر، شے سالار، لشکراب، پیشک کاریز میں مچھروں کی بہتات سے ملیریا کے مرض میں اضافہ، شہریوں کا مچھر مار اسپرے کرنے کا مطالبہ۔ سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں، چاغی شہر، دشت گوران، شادی شیف، شے سالار، امین آباد، لیجےکاریز پیشک، بیشری، لشکرآب اور گردونواح کے علاقوں میں مچھروں کی بہتات ہوگئی، مچھروں کی افزائش کے باعث تحصیل چاغی میں ملیریا کا مرض پھیل گیا۔ اس سلسلے میں پرائیویٹ میڈیکل کی لیبارٹری کے انچارج نے بتایا کہ روزانہ 15 سے 25 مریض ملیریا میں مبتلا ہورہے ہیں اور اس تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ملیریا کے مرض میں اضافے کی بڑی وجہ چاغی شہر میں اسپرے اور مچھر دانی تقسیم نہ ہونے کی وجہ سے ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل پارٹی کے تحصیل صدر نے ڈپٹی کمشنر چاغی عتیق الرحمن شاہوانی، اور ڈی ایچ او چاغی ڈاکٹر کہور خان سے مطالبہ کیا ہے کہ چاغی شہر اور گردونواح میں مچھر مار اسپرے کرایا جائے اور متاثرہ علاقوں میں مچھر دانی تقسیم کی جائیں۔