ڈاکٹر عفان قیصر نے ماریہ بی سے معافی کیوں مانگی؟


کراچی (قدرت روزنامہ)گزشتہ دنوں انجیکشن والے تربوز کے حوالے سے خبروں میں رہنے والے ڈاکٹر عفان نے فرخ وڑائچ کے پوڈ کاسٹ میں معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی کیخلاف اپنی سابقہ ویڈیو کے حوالے سے معذرت کر لی ہے۔

ڈاکٹر عفان کا کہنا تھا کہ ‘میں واقعی میں اپنی اس ویڈیو پر شرمندہ ہوں جو میں نے ماریہ بی کے خلاف بنائی تھی، ماریہ بی کے خلاف بات کرنے کے بعد مجھے واقعی برا لگا، مجھے میرے دوست اور اسلامی پوڈکاسٹر علی نے بتایا کہ ماریہ بی کے بارے میں چیزیں واقعی مختلف ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی طور پر ماریہ بی کو بھی پسند کرتے ہیں، ان کو اپنی ریسرچ ٹیم سے ماریہ بی کے خلاف ایک ویڈیو ملی، جس کے بعد انہوں نے ایک ویڈیو بنائی، جس کو لاکھوں ویوز ملے۔ ’اس ویڈیو کا ہدف ماریہ بی نہیں تھیں، ویڈیو میں مَیں نے ان کے سابقہ موقف پر ان کی مذمت کی تھی۔‘
ڈاکٹر عفان قیصر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ اسلامی پوڈکاسٹر علی نے ان سے بات کی اور انہیں بتایا کہ اب چیزیں مختلف ہیں، ماریہ بی ان کے ساتھ منسلک ہیں اور انٹرسیکس کمیونٹی کے لیے سرگرمی سے کام کررہی ہیں۔

’یہ واحد ویڈیو ہے جس کے بعد مجھے شرمندگی محسوس ہوئی کیونکہ وہ اب بہت مختلف خاتون ہیں، میں یہ تسلیم کرنا چاہوں گا کہ میں غلط تھا، وہ اب بدل گئی ہیں۔‘
ڈاکٹر عفان قیصر نے ماریہ بی کے بارے میں کیا کہا تھا؟
ماریہ بی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹرعفان قیصر نے کہا تھا ‘ماریہ بی ایک مشہور پاکستانی فیشن ڈیزائنر ہیں، ماریہ بی، یہ ویڈیو آپ کے لیے ہے’۔
انہوں نے ماریہ بی کی ایک ویڈیو دکھائی تھی جس میں وہ LGBTQ کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے فیشن شوز کا مطالبہ کررہی تھیں۔
ڈاکٹر عفان قیصر نے مزید کہا تھا کہ ماریہ بی مسلسل فیشن شوز پر تنقید کر رہی ہیں۔ ’میں تسلیم کرتا ہوں کہ انہوں نے فلسطین کے لوگوں کے لیے آواز اٹھانے میں اہم کردار ادا کیا، وہ اکثر فیشن شوز میں پہنے جانے والے نازیبا ملبوسات پر تنقید کرتی نظر آتی ہیں لیکن وہ اسی فیشن برادری کا خود حصہ ہیں۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ ‘ماریہ بی نے بہت سے بین الاقوامی پروگراموں میں شرکت کی جنہوں نے LGBTQ ایجنڈے کی حمایت کی لیکن انہوں نے کبھی ان کے خلاف بات نہیں کی، درحقیقت ہم سب ماریہ بی کی طرح ہیں، ہم کچھ اور تبلیغ کرتے ہیں اور اس کے برعکس عمل کرتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ہمارے معاشرے میں ایسی کئی مثالیں موجود ہیں، ہم سب منافق ہیں، آج کل ہم بہت سے کرپٹ لوگ دیکھ رہے ہیں جو نیک ہونے کا ڈھونگ رچاتے ہوئے آئندہ انتخابات کی مہم چلا رہے ہیں۔‘
ماریہ بی کے خلاف ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے ڈاکٹر عفان قیصر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا، بعض صارفین نے ان سے مطالبہ کیا تھا کہ یہ ویڈیو دنیا میں پاکستان کا غلط تاثر دے رہی ہے، اسے ہٹا دیں۔
ڈاکٹر عفان قیصر حالیہ دنوں میں تربوز کے حوالے سے ویڈیو بنانے پر بھی بہت مشہور ہوئے، رواں ماہ ڈاکٹر عفان کی جانب سے اپنے سوشل اکاؤنٹس پر جاری ویڈیو بیان میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ تربوز کو انجیکشن لگا کر مارکیٹس میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹرعفان قیصر انجیکشن والے تربوز کے حوالے سے بھی معافی مانگیں، سوشل میڈیا صارفین
حکام کی جانب سے تحقیقات کے بعد ان کا یہ دعوی غلط ثابت ہوا، جس پر فیصل آباد کے تاجروں نے ان کو 10 ارب ہرجانے کا نوٹس بھیجا ہے۔
اس حوالے سے بھی سوشل میڈیا صارفین ڈاکٹر عفان قیصر سے معافی مانگنے کا مطالبہ کررہے ہیں، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ کیا ڈاکٹر عفان قیصر کو تربور کے حوالے سے ویڈیو بنانے پر کوئی شرمندگی ہوئی؟ کیا وہ اس ویڈیو پر معافی مانگیں گے۔