ایران کی جانب سے بجلی معطل، مکران ڈویژن تاریکی میں ڈوب گیا،شدید گرمی سے لوگ اذیت میں مبتلا


پسنی(قدرت روزنامہ)مکران کو ایران سے بجلی کی سپلائی معطل ، ایران پولان ٹرانسمیشن لائن “گوادر” اور جیکی گور ٹرانسمیشن لائن”مند” سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے مکران کے تینوں اضلاع گوادر ، کیچ اور پنجگور متاثر ، شدید گرمی سے لوگ اذیت میں مبتلا کیسکو ذرائع کے مطابق ایران سے مکران کو دونوں ٹرانسمیشن لائنوں سے بجلی کی سپلائی دوپہر بارہ بجے سے معطل ہے تاہم ابھی تک وجوہات معلوم نہ ہوسکے ، واضح رہے کہ تربت میں آج گرمی کا پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گئی جبکہ گوادر کے ساحلی علاقوں میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہی دوسری طرف بجلی کی فراہمی معطل رہنے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔