وزیراعلیٰ کے عہدے کا حق میرا تھا، آخری رات نام تبدیل کردیا گیا، صادق عمرانی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر ایری گیشن میر محمد صادق عمرانی نے کہاہے کہ وزارت اعلیٰ کاپہلا حق میرا تھا 52سال پیپلزپارٹی کودئےے جیلیں کاٹیں مگر آخری رات میں میرا نام تبدیل کرکے میرسرفراز بگٹی کوزیراعلیٰ بلوچستان بنایاگیا مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان کوئی ڈھائی ڈھائی سال کا معاہدہ نہیں ہواہے یہ سب من گھڑت باتیں ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر محمد صادق عمرانی نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے رابطہ کیا اور کہاکہ آپ کااین اوسی نہیں مل رہا تھا جس کی وجہ سے آپ کی جگہ وزارت اعلیٰ کیلئے میرسرفرازبگٹی کو نامزد کیاگیاہے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کا حصہ ہوں ،ساڑھے 8سال جیل میں رہا لیکن کبھی نظریہ تبدیل نہیں کیا ،پارٹی نظریہ کیلئے جیلیں کاٹی اور کوڑے کھائے وزارت اعلیٰ بلوچستان کا حق پہلے بھی میرا تھا اور اب بھی میرا ہے لیکن میں نے پارٹی قیادت کے فیصلے کو سرخم ہوکر تسلیم کیاہے ،انہوں نے کہاکہ میرا ایسا کوئی خیال نہیں کہ مسلم لیگ(ن) کے ساتھ کوئی ڈھائی ڈھائی سال کامعاہدہ ہواہوں ،کیا ڈھائی سال بعد اسپیکر و گورنر بلوچستان ہمارا ہوگا ؟بلوچستان سے سندھ اسمگل ہونے والی 58ہزار بوری گندم پکڑی گئی ہے، ذمہ داران کے خلاف کیس رجسٹرڈ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حب میں ایک اور نصیر آباد میں دو پاور پلانٹ لگے ہیں افسوس کی بات ہے کہ یہاں کے لوگوں کو بجلی نہیں مل رہی ۔