تاریخی معاہدہ: آکسفورڈ یونیورسٹی بلوچستان کے طلبا کو اسکالر شپ پر داخلے فراہم کرے گی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی کاؤشوں سے اعلیٰ تعلیم کے متلاشی بلوچستان کے لائق طالب علموں کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے دروازے کے لیے کھل گئے۔
بینظیر اسکالرشپ کے تحت آکسفورڈ پاکستان پروگرام اور حکومت بلوچستان کے مابین باہمی سمجھوتے کی دستاویزات پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیڈی مارگریٹ ہال میں منعقدہ تقریب میں تعلیم نسواں کے لیے سرگرم نوبل انعام یافتہ پاکستان کی عالمی سفیر ملالہ یوسفزئی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے تعلیم دوست اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے صوبے میں تعلیم کی ترقی و ترویج میں اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے لیڈی مارگریٹ ہال میں باہمی یاداشت کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت صوبے کے ذہین طالب علموں کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں حصول تعلیم کے لیے بینظیر سکالر شپ کے تحت مکمل مالی معاونت فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ بلوچستان کا غریب طالب علم وہاں تعلیم حاصل کرے گا جہاں شہید جمہوریت بینظیر بھٹو سمیت بیشتر عظیم ہستیوں نے تعلیم حاصل کی۔
آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے تحت منعقدہ تقریب میں ملالہ یوسفزئی ، سینٹر انوارالحق کاکڑ، عامر ابراہیم ، محمد خیشگی، فاروق شیخ ، پروفیسر کمال منیر سمیت 150 مندوبین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت اقدار کے فروغ اور سماجی و معاشی ترقی کے اہداف کے حصول میں تعلیم کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔
آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے تحت بلوچستان کے طالب علموں کی اعلٰی تعلیمی مواقعوں تک رسائی بینظیر بھٹو کی دور اندیش قیادت کو خراج عقیدت پیش کرنے کی کڑی ہے۔
حکومت بلوچستان چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی رہنمائی میں صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کی تعلیمی ترقی، ذہنی بالیدگی اور انہیں معاشی بااختیار بنانے کے مشن پر گامزن ہے۔بینظیر بھٹو اسکالرشپ اس مشن پر عمل درآمد کی کڑی ہے۔
وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے صوبائی سطح کے اقدامات کے ساتھ ساتھ دنیا کی 200 بہترین جامعات میں بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام متعارف کرانے جیسے عالمی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس سے صوبہ بلوچستان کے ہونہار طلباء کو دنیا بھر میں حصول تعلیم کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔
قبل ازیں آکسفورڈ پاکستان پروگرام اور حکومت بلوچستان کے مابین بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے لیے باہمی سمجھوتے کی دستاویزات پر دستخط ہوئے پرنسیپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر بلوچستان عمران خان زرکون نے صوبائی حکومت کی جانب سے ایم او یو پر دستخط کیے، آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے حکام نے صوبائی حکومت کے اسکالرشپ پروگرام کو سراہتے ہوئے جدید تعلیم کے فروغ کے لیے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔