ساحلی علاقوں اور ماہی گیروں کے مسائل پر بدین میں فشر فوک فورم کی بیٹھک


بدین(قدرت روزنامہ)پاکستان فشر فوک فورم کے زیر اہتمام ساحلی علاقوں اور ماہی گیروں کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لئے منتخب نمائندوں کی ساحلی جھیل نرڑی کے مقام پر بیٹھک، نمائندوں کی علاقے کی ترقی مسائل کے حل سہولتوں کی فراہمی اور جھیل کے قدرتی حسن کی بحالی کے لئے عملی اقدامات کرنے کی یقین دہانی تفصیلات کے مطابق پاکستان فشر فوک فورم ضلع بدین کی جانب سے بدین کے ساحلی علاقوں اور ماہی گیروں کو درپیش مسائل اور مشکلات کے علاوہ بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کی نشاندہی کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لئے بدین کی ساحلی جھیل نریڑی کنارے تقریب کا اہتمام کیا گیا ، تقریب میں بدین اور حلقہ سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں رکن قومی اسمبلی حاجی رسول بخش چانڈیو ، رکن صوبائی اسمبلی حاجی تاج محمد ملاح ، ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی ، اسسٹنٹ کمشنر بدین بھگوان داس ، مختیار کار بدین شمش الدین مغیری، مختیار کار گولارچی دیدار حسین نھڑیو ، ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز ایاز حسین پھنور ، مولا بخش ملاح ، خلیفہ نیاز حسین اور دیگر کے علاوہ ساحلی علاقے کے مکینوں اور ماہی گیروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ ساحلی جھیل نرڑی کے مقام پر منتخب نمائندوں کی بیٹھک کے موقع پر پاکستان فشر فوک فورم کے ضلعی صدر نبی بخش ، جنرل سیکرٹری عمر ملاح ، فشر فوک فورم کے دیگر عہدیدران عبدالرحیم جھنڈائی ، قاسم بچو ، مٹھن ملاح ، مومن ملاح ، اسحاق جنڈابی ، عالم چنڈانی ، رمضان شیخ ، مھار عیسی ملاح اور دیگر نے ساحلی علاقے کے عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات ، روڈ رستوں کے علاوہ نہری پانی کی شدید ترین اور طویل قلت کے باعث سمندر کا پانی خشکی کی جانب بڑھنے سے زرعی اراضی کھارے پانی کی زد میں آنے، تعلیم ، صحت ، بجلی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی ، شوگرملوں الکوحل فیکٹریوں کے زہریلے فضلہ کیمیکل زدہ پانی کی عالمی معاہدے رام سر میں شامل نرڑی جھیل میں اخراج کے باعث ماحولیاتی اور آبی آلودگی سے جھیل کے قدرتی حسن کو پہنچنے والے نقصان آبی پرندوں ، مچھلی ، جھینگے اور دیگر آبی حیات کی نسل کشی کے علاوہ ملک کے سب سے بڑے نکاسی آب کے سیم نالہ لیفٹ بنک آوٹ فال ڈرین کی مسلسل ہونے والی تباہ کاریوں زرعی اور ماہی گیری کے شعبہ اور معیشت کو پہنچنے والے نقصانات کے علاوہ علاقے میں غریب اور بے روزگاری کی نشاندہی کرتے ہوئے منتخب نمائندوں سے مسائل اور مشکلات کے حل بنیادی سہولیات کی فراہمی نرڑی جھیل کے قدرتی حسن کی بحالی کے لئے عملی اقدامات کرنے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی حاجی رسول بخش چانڈیو ، رکن صوبائی اسمبلی حاجی تاج محمد ملاح ، ڈی سی بدین یاسر بھٹی نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت سندھ کی ساحلی پٹی کی ترقی خوبصورتی عوام کی خوشحالی پینے اور زرعی استعمال کے پانی کی فراہمی روڈ رستوں کی تعمیر تعلیم ، صحت اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے جامعہ منصوبہ بندی کے تحت عملی اقدامات کرنے جا رہی ہے جس سے علاقے میں بے روزگاری اور غربت میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔