پاکستان نے تیل اور گیس کی مقامی پیداوار میں اضافے کا اعلان کردیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹیڈ (او جی ڈی سی ایل) نے تیل اور گیس کی مقامی پیداوار بڑھانے کا اعلان کردیا ہے۔
ترجمان اوگرا کے مطابق کوہاٹ میں واقع چندا کنواں نمبر 7 سے پیداوار شروع کی جارہی ہے، جس سے یومیہ 305 بیرل تیل کی پیداوار حاصل ہورہی ہے، نئے کنوئیں سے 2.5 ملین کیوبک فٹ یومیہ گیس کی پیداوار ہورہی ہے جسے سوئی ناردرن نیٹ ورک میں شامل کردیا گیا ہے۔ ترجمان اوگرا کا کہنا ہے کہ تیل وگیس کی اس پیداوار سے ملکی امپورٹ بل میں 22.57 ملین ڈالر سالانہ کی بچت ہو گی۔ اس کے علاوہ کمپنی نے ضلع حیدر آباد میں واقع کنر کنواں نمبر 8 کی کامیاب بحالی کا اعلان کر دیا جس کے بعد مذکورہ کنویں سے 540 بیرل یومیہ خام تیل کی پیداوارشروع ہوگئی ہے۔اس کنوئیں سے ہونے والی اضافی پیداوار سے 15.949 ملین امریکی ڈالر کی سالانہ بچت ہو گی۔