میکسیکو کی تاریخ میں پہلی بار صدارتی انتخابات میں خاتون امیدوار کامیاب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کلاڈیا شینبام نے میکسیکو کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی، وہ ملک کی 200 سالہ تاریخ میں پہلی خاتون صدر ہوں گی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، الیکشن حکام کی جانب سے غیرحتمی نتائج کے اعدادوشمار جاری کیے جانے کے بعد کلاڈیا شینبام نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ میکسیکو کی پہلی خاتون صدر ہوں گی جو صرف ان کی نہیں بلکہ میکسیکو کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی بھی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا، ’ہم نے پر امن انتخابات کے انعقاد کے ذریعے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ میکسیکو ایک جمہوری ملک ہے۔‘
میکسیکو کے نیشنل الیکٹورل انسٹیٹیوٹ کے صدر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غیرحتمی اعداوشمار کے مطابق کلاڈیا شینبام نے 58.3 فیصد سے 60.7 فیصد کے درمیان ووٹ حاصل کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کلاڈیا شینبام کے مدمقابل خاتون امیدوار ژوچیتل گیلویز نے 26.6 فیصد سے 28.6 فیصد کے درمیان ووٹ حاصل کیے جبکہ جورگی الواریز نے 9.9 فیصد سے 10.8 فیصد کے درمیان ووٹ حاصل کیے ہیں۔
واضح رہے کہ یہودی مذہب سے تعلق رکھنے والی کامیاب صدارتی امیدوار کلاڈیا شینبام ایک ماحولیاتی سائنسدان ہیں جو میکسیکو سٹی کی سابقہ میئر بھی رہی ہیں۔ صدارتی انتخابات میں کامیابی کے اعلان کے بعد ان کی صدارتی مدت کا آغاز یکم اکتوبر سے ہوگا۔