سائفر لہرانے سے پاکستان کے دشمنوں کو فائدہ پہنچا، عدالتی فیصلے سے حیرانی ہوئی، وفاقی وزیر اطلاعات


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سائفر کیس کے فیصلے سے حیرانی ہوئی، اس فیصلے کے بعد کوئی بھی حکومتی عہدیدار کچھ بھی کرلے تو اس پر آفیشل سیکریٹ ایکٹ نہیں لگے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہاکہ سائفر کا کیس اوپن اینڈ شٹ کیس تھا، کیونکہ عمران خان نے اس پر ایک بیانیہ گھڑا اور کہا کہ اس پر کھیلنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سائفر کو لہرانے سے وزارت خارجہ کی رازداری کمپرومائز ہوئی اور پاکستان کے دشمنوں کو فائدہ پہنچا۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ اگر رازداری کمپرومائز ہوجائے تو پھر قومی سلامتی داؤ پر لگ جاتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کوئی بھی سیاسی جماعت یا لیڈر ملک پاکستان سے بڑے نہیں، یہاں کہا جاتا ہے کہ عمران خان نہیں تو پاکستان نہیں۔
انہوں نے کہاکہ لوگوں نے اس ملک میں بڑا جبر برداشت کرکے بھی پاکستان کے خلاف بات نہیں کی، یہ کیسی ذہنیت ہے کہ میں اقتدار میں نہ رہا تو ملک ٹوٹ جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ ’ایکس‘ کی بندش کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، اس کا کوئی حل نکل آئے گا، حکومت یوٹیوب پر پابندی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔
انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے ضرور قانون سازی ہونی چاہیے اور اس کے لیے صحافتی تنظیموں سے مشاورت کی جائے گی۔