محکمہ موسمیات کی آج سے 9 جون تک بارشوں کی پیش گوئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے آج سے 9 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی کی پیش گوئی کی ہے، کئی علاقوں میں شدید بارشیں اور آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت میں کمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے بارشوں اور تیز ہواؤوں کا الرٹ جاری کیا ہے، جس کے مطابق کمزور مغربی ہوائیں آج 4 جون سے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
ملک بھر کے مختلق علاقے جن میں اسلام آباد، خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب کے بیشتر علاقے شامل ہیں، میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، فیصل آباد اور خوشاب میں بارش ہوگی، جبکہ جنوبی پنجاب کے علاقوں بہاولپور، ڈیرہ غازی خان ، ملتان اور لیہ میں آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے علاقوں جیکب آباد، لاڑکانہ، کوئٹہ اور بارکھان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھو ہار میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔