بلوچستان حکومت کاسنجدی کان حادثے میں غفلت برتنے پر کان مالک سمیت تین افراد پر مقدمہ درج کرنے کا حکم


مائینز اینڈ منرل بلوچستان نے ایف آئی آر کے اندراج کیلئے متعلقہ تھانے کو مراسلہ ارسال کردیا،ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت نے سنجدی کان حادثے میں غفلت برتنے پر کان مالک سمیت تین افراد پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ۔ ترجمان صوبائی حکومت شاہد رندنے کہاہے کہ محکمہ مائینز اینڈ منرل بلوچستان نے ایف آئی آر کے اندراج کیلئے متعلقہ تھانے کو مراسلہ ارسال کردیا۔ترجمان بلوچستان حکومت نے مزیدکہاہے کہ زہریلی گیس کے اخراج سے گزشتہ روز 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
صوبائی وزیر مائینز میر شعیب نوشیروانی نے کہاہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق بارہا کان مالکان کو تنبہہ کی گئی ۔محکمہ مائینز کی جانب سے کان مالکان کو گیس چیک کرنے کے لئے میٹرز کی تنصیب کا کہا گیا ۔
کان مالکان نے وقتاً فوقتاً جاری احکامات کو نظر انداز کیا ۔تمام کانوں میں گیس لیول چیک کرنے کے لئے میٹر کی تنصیب لازم قرار دی گئی ہے۔چیف کمشنر مائینز بلوچستان کو تمام کانوں کا معائنہ کرکے حفاظتی انتظامات سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی۔