بلوچستان

بلوچستان حکومت کا یونیورسٹی ملازمین کی تنخواہ جاری کرنے کا اعلان، دھرنا ختم


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت کی جانب سے یونیورسٹی ملازمین کی تنخواہ جاری کرنے کا اعلان کردیا گیا، جس کے بعد بلوچستان یونیورسٹی ملازمین کا 90 روز سے جاری دھرنا ختم ہوگیا۔ صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی بلوچستان یونیورسٹی کے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف قائم احتجاجی دھرنے میں پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے اساتذہ سے مذاکرات کیے، جس کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ میرے اساتذہ کلاسوں کے بجائے سڑکوں پر تھے۔ میں ملازمین کو جون تک کی تنخواہوں کی ادائیگی کا اعلان کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو تنخواہوں کہ حصول کے لیے سڑکوں پر نہیں آنا چاہیے۔ تنخواہ دار طبقے کا گھر تنخواہ پر چلتا ہے۔ میری خواہش ہے کہ اساتذہ کے تمام مسائل حل ہو ں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی کی کاوشوں سے یونیورسٹی ملازمین کے واجبات ادا ہورہے ہیں۔ کوشش ہے کہ آئندہ بجٹ میں جامعات کے اساتذہ کےلیے پورے سال کی رقم مختص ہو۔ جامعات کے اساتذہ کے مسائل کا مستقل حل چاہتے ہیں۔ بعد ازاں یونیورسٹی ملازمین کی جانب سے 90 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

متعلقہ خبریں