کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے طلبا و طالبات قانون کے شعبے میں مہارت حاصل کرنے کے لیے نیدرلینڈ پہنچ گئے جہاں کورٹ کے قانونی اقدامات کے بارے میں آگاہی حاصل کریں گے . کراچی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لا کے فائنل ایئر کے قانون کے طلباء محبوب ارشاد، محمد علی، شاہد حسین اور فاطمہ سمعیہ پر مشتمل چار رکنی وفد نیدرلینڈز پہنچ گیا جہاں وہ انٹرنیشنل بار ایسوسی ایشن (آئی بی اے)،انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی ) کے موٹ کورٹ مقابلہ برائے 2024 میں حصہ لے گا .
یہ موٹ کورٹ مقابلہ 31 مئی سے 7 جون 2024 تک بڑے پیمانے پر منعقد کیا جائے گا جس کا مقصد طلباء کی بار روم اور انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے قانونی اقدامات کے بارے میں سمجھ بوجھ کو بڑھانا ہے، جہاں شرکاء ایک فرضی کیس میں تحریری اور زبانی دلائل پیش کرتے ہیں . یہ مقابلہ طلباء کو ماہر پینلز کے سامنے قانونی دلائل پیش کرنے کا پہلی بار تجربہ فراہم کرے گا جن میں بین الاقوامی عدالتوں کے ججز، بین الاقوامی فوجداری قانون کے پروفیسرز اور دیگر قانونی پیشہ ور افراد شامل ہوتے ہیں .
یہ مقابلہ بین الاقوامی فوجداری قانون کے بنیادی مسائل پر غور کرتا ہے اور اس میں ایک تحریری راؤنڈ اور ایک زبانی راؤنڈ شامل ہے، جس میں بات چیت کے دوران دلائل پیش کیے جاتے ہیں . مقابلے میں شامل ٹیمیں استغاثہ، متاثرین کے قانونی نمائندے اور دفاعی وکیل کے کردار ادا کرتی ہیں اور قانونی ماہرین کے ذریعے تحریری یاداشتیں تیار کی جاتی ہیں تاکہ اگلے راؤنڈز تک پہنچ سکیں . شرکاء مختلف ایوارڈز جیسے بہترین اسپیکر آئی بی اے ایوارڈ اور بیسٹ میموریل ایوارڈ کے لیے مقابلہ کرتے ہیں .
ہفتہ بھر تک جاری رہنے والے اس دلچسپ مقابلے کے دوران، طلباء تعلیمی اور سماجی پروگرامات میں مشغول ہوتے ہیں جن میں آئی سی سی کے عہدیداروں اور بین الاقوامی انصاف کے دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ضمنی تقریبات بھی شامل ہیں . پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے، یہ طلباء بین الاقوامی سطح پر اپنی یونیورسٹی اور ملک کا نام روشن کر رہے ہیں . اس مقابلے کے لیے ان کا انتخاب ان کی غیر معمولی صلاحیتوں اور قانون کے میدان میں ان کی ان تھک محنت کی دلیل ہے .