بساک کے تحت سکندر یونیورسٹی خضدار کی غیر فعالیت پر سیمینار


خضدار(قدرت روزنامہ)بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی جانب سے خضدار پریس کلب میں “سکندر یونیورسٹی میں تدریسی عمل کے اجرا ” کے حوالے سے انٹریکٹو سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ انٹریکٹیو سیشن میں مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور اسکندر یونیورسٹی میں جلد از جلد کلاسز کے اجرا کا مطالبہ کیا۔ سیشن مختلف حصوں پر مشتمل تھا جس میں پینل ڈسکیشن، تقاریر اور ڈرامہ سمیت دیگر شامل تھے۔ بساک کی جانب سے بلوچ لٹریسی کمپین کے تحت بلوچستان کے اعلی تعلیمی حقوق کے حوالے سے ایک مہم جاری ہے۔ جس کے تحت آج خضدار پریس کلب میں خضدار کے تعلیمی مسائل خاص کر اسکندر یونیورسٹی کی بندش کے حوالے سے انٹریکٹو سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں خضدار کے عوامی ، سماجی اور سیاسی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر باری آجو، استاد عادل بلوچ ( ایس ایس ٹی کٹان اسکول) ، عمران بلوچ ( ایس ایس ٹی ہائی اسکول گنگو فیروزآباد) ، احمد بلوچ ( ڈائیرکٹر ٹی ٹی سی خضدار) سمیت بساک مرکزی اور زونل رہنماﺅں جن میں اظہر بلوچ ( مرکزی جنرل سیکرٹری) ، بالاچ بلوچ ( سنٹرل کمیٹی ممبر بساک) اور جویریہ بلوچ ( صدر بساک خضدار زون) نے شرکت کی۔ انٹریکٹو سیشن میں شریک افراد نے مطالبہ کیا کہ اسکندر یونیورسٹی میں جلد از جلد کلاسز کے اجرا کےلئے سنجیدگی سے اقدامات کیے جائیں اور خضدار کے عوام کو اس مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ 06 جون کو خضدار شہر میں ایجوکیشنل واک کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔