گورنر بلوچستان سے یو این ایچ سی آر کی کنٹری نمائندہ کی ملاقات


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے پاکستان میں تعینات یو این ایچ سی آر کی کنٹری نمائندہ ( Ms Philippa Candler) کی قیادت میں وفد نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران خطے میں رونما والی صورتحال، پاکستان میں افغان مہاجرین اور ان سے متاثر مقامی علاقوں کے حالات سمیت تعلیم اور صحت کے حوالے سے یو این ایچ سی آر کی کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر یو این ایچ سی آر سب آفیس کے سربراہ (Tesfaye Bekele) پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی اور کمشنر افغان ریفیوجیز ارباب طالب بھی موجود تھے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ پاکستان خطے کے امن کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے، ہمیں افغان مہاجرین اور ان سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بین الاقوامی اداروں کی مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن کا قیام پورے خطے بالخصوص پاکستان کے مفاد میں ہے۔ یواین ایچ سی آر کی کنٹری نمائندہ نے ملاقات میں پچھلے چار عشروں سے افغان مہاجرین کی مہمانوازی پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ریفیوجیز اور مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کیلئے نئے پروجیکٹس شروع کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔