بھارتی انتخابات: کون سے بالی ووڈ اسٹارز جیتے اور کون ہارا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت میں لوک سبھا انتخابات 2024 کی گنتی 4 اور 5 جون کی درمیانی شب بھی جاری رہی اور مختلف حلقوں سے نتائج آتے رہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سربراہی میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس فی الحال آگے ہے جبکہ انڈین نیشنل کانگریس کی سربراہی میں انڈیا الائنس اتحاد بھی سخت مقابلہ کر رہا ہے۔
بھارت کی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے کافی ستارے بھی آسمان انتخابات پر جلوہ افروز ہیں تاہم ان میں سے کچھ بڑی آب و تاب کے ساتھ چمک رہے ہیں اور یا تو وہ اپنی نشست جیت چکے ہیں یا فتح کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں جبکہ کچھ ہارچکے ہیں اور کچھ ٹمٹما رہے ہیں اور لگتا ہے اس مقابلے میں پیچھے ہی رہ جائیں گے۔
ان معروف فنکاروں اور فنکاراؤں میں سے کچھ تو پہلی مرتبہ ہی اس سیاسی دوڑ کا حصہ بنے ہیں جبکہ کچھ ’عادی کھلاڑی‘ ہیں اور دوسری اور تیسری مرتبہ اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
متھرا: ڈریم گرل ہیما مالنی کی ہیٹ ٹرک
اداکارہ سے سیاست دان بن جانے والی ہیما مالنی نے لوک سبھا الیکشن 2024 میں اتر پردیش کے متھرا حلقے سے کانگریس کے امیدوار مکیش ڈھینگر کے خلاف کامیابی حاصل کی۔

الیکشن کمیشن آف انڈیا کے جاری کردہ نتائج کے مطابق بالی ووڈ کی ’ڈریم گرل‘ کہلانے والی ہیما مالنی نے کانگریس کے امیدوار مکیش ڈھینگر کے خلاف 2,93,407 ووٹوں کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔
75 سالہ خوبصورت اداکارہ متھرا سے مسلسل تیسری مدت کے لیے امیدوار تھیں اور انہوں نے اس مرتبہ بھی کامیابی حاصل کرکے شاندار ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔ ان کے ساتھ قریبی دوڑ میں ایک اور امیدوار بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے سابق آئی آر ایس افسر سریش سنگھ بھی شامل تھے لیکن بھارت کے ویٹرن اداکار دھرمیندر کی شریک حیات نے سب کی جیت کے امکانات پر ایک زوردار گھونسا جڑ دیا۔
وہ سنہ 2014 اور سنہ 2019 میں انتخابات جیتنے کے بعد متھرا سے وزیر بھی بنی تھیں۔
آسنسول: شتروگھن سنہا نے سب کو ’خاموش‘ کروادیا
معروف اداکار شتروگھن سنہا نے مغربی بنگال کے آسنسول سے ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا۔

الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کی ویب سائٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار اور ترنمول کانگریس کے ایم پی شتروگھن سنہا نے لوک سبھا انتخابات میں مغربی بنگال کے آسنسول حلقے سے 59,564 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
نتائج کے مطابق اس سیٹ پر شتروگھن سنہا کے قریب ترین حریف سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی امیدوار سریندر جیت سنگھ اہلووالیہ تھے۔ انہوں نے 5,46,081 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
بی جے پی نے ابتدائی طور پر شتروگھن سنہا کے مقابلے میں بھوجپوری گلوکار و اداکار پون سنگھ کو اپنا امیدوار بنانے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم انہوں نے الیکشن لڑنے سے معذوری ظاہر کر دی تھی۔
حلقہ منڈی: کنگنا رناوت
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے ہماچل پردیش میں اپنے آبائی شہر منڈی سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر پہلی بار الیکشن لڑا ان کا مقابلہ کانگریس کے امیدوار اور سابق وزیر اعلیٰ ویربھدر سنگھ کے صاحبزادے وکرم ادتیا سنگھ اور موجودہ ایم پی پرتیبھا سنگھ سے تھا۔

کنگنا رناوت نے منڈی سیٹ سے 74,755 ووٹوں سے جیت کر پارلیمانی سیاست میں اپنا پہلا قدم بڑی دھوم دھام سے رکھ دیا ہے۔ کانگریس امیدوار وکرم ادتیہ سنگھ دوسرے نمبر پر رہے۔
فاتح قرار دیے جانے کے فوراً بعد 37 سالہ اداکارہ نے اپنے آفیشل ایکس پیج پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں سرکاری دستاویزات پر دستخط کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
4 مرتبہ نیشنل ایوارڈ حاصل کرنے والی اداکارہ نے ایک انسٹاگرام پوسٹ بھی شیئر کی تھی جس میں انہوں نے ووٹ دینے پر اپنے حلقے کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔
شمال مشرقی دہلی: منوج تیواری

اداکار، ٹی وی شو اینکر، سیاسی رہنما اور بی جے پی کے امیدوار منوج تیواری شمال مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے کنہیا کمار کے خلاف الیکشن لڑ رہے تھے۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق منوج نے اپنی سیٹ بھاری ماجن سے جیت لی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انہوں نے کنہیا کمار کو ایک لاکھ ووٹ کے مارجن سے شکست دے دی ہے۔
میرٹھ: ارون گوول
مشہور دوردرشن سیریز رامائن میں رام جی کا کردار ادا کرنے والے اداکار ارون گوول نے بی جے پی کے ٹکٹ پر میرٹھ اتر پردیش سے الیکشن لڑا۔

انہوں نے 5,46,469 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کی اصل مدمقابل ایس پی کی سنیتا ورما تھیں جنہوں نے بہت جم کر مقابلہ کیا اور 5,35,884 ووٹ لیے تاہم کچھ فرق سے وہ جیت نہ سکیں۔ بہوجن سماج پارٹی کے دیوورت کمار تیاگی کو 87,025 ووٹ ملے۔
گورکھ پور: روی کشن
اداکاری سے سیاست میں آجانے والے بی جے پی لیڈر روی کشن اتر پردیش کی گورکھ پور سیٹ سے 74,536 ووٹوں کے فرق سے آگے ہیں۔ کشن کا مقابلہ بھوجپوری فلم اداکارہ کاجل نشاد سے سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور بہوجن سماج وادی پارٹی (بی ایس پی) کے امیدوار جاوید سمانانی سے ہے۔
گرتے ہیں شہسوار ہی میدان جنگ میں
مودی کابینہ کے جن بڑے ناموں نے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کی ان میں مرکزی وزرا سمرتی ایرانی، راجیو چندر شیکھر، اجے کمار مشرا، ارجن منڈا، آر کے سنگھ، نشیت پرمانک، بھگونت کوبا، مہندر ناتھ پانڈے اور دیباشری چودھری بھی شامل ہیں۔
اداکار پون سنگھ بہار کے حلقہ کرکت سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے تھے۔ ان کا مقابلہ این ڈی اے کے امیدوار اور سابق مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا اور سی پی آئی (مارکسسٹ) راجا رام سنگھ سے تھا۔ تاہم اس نشست پر راجا رام سنگھ نے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے 3,805,81 ووٹ حاصل کیے جبکہ پون سنگھ 2,747,23 ووٹ لے سکے۔