شاہ چارلس کی بھائی کو محل خالی کرنے کی دھمکی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برطانیہ کے شاہ چارلس نے اپنے چھوٹے بھائی اینڈریو کو دھمکی دی ہے کہ وہ ونڈر سر پیلس میں موجود رائل لاج خالی کردیں۔
ڈیوک آف یارک جیفری ایپسٹین اسکینڈل کے بعد استعفیٰ دینے پر مجبور ہوگئے تھے اور اب ان کے پاس کوئی سرکاری ذمہ داری نہیں ہے۔
اس کے باوجود وہ اپنی سابقہ بیوی ڈچس آف یارک سارہ فرگوسن کے ساتھ 3 کروڑ پاؤنڈ مالیت کے 30 کمروں پر مشتمل محل رائل لاج میں مقیم ہیں۔کنگ چارلس طویل عرصے سے اپنے بھائی کو محل خالی کرنے پر راضی کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جن کے پاس آمدنی کا کوئی واضح ذریعہ بھی نہیں ہے۔شاہ چارلس کی جانب سے ڈیوک آف یارک کو فروگمور کاٹیج میں منتقل ہونے کا کہا جارہا ہے جس سے وہ انکاری ہیں، مذکورہ کاٹیج میں پہلے پرنس ہیری اور میگھن رہائش پذیر تھے۔64 سالہ اینڈریو کے پاس رائل لاج کی طویل لیز ہے لیکن شاہی خاندان کے تمام مالی معاملات کی ذمہ داری شاہ چارلس کے پاس ہے اور وہ ان کے لیے فنڈز روک یا کم کرسکتے ہیں۔
شہزادے نے 250 پاؤنڈ فی ہفتہ کے حساب سے 75 سالہ لیز پر دستخط کیے تھے لیکن انہیں جیفری ایپسٹین اسکینڈل کی وجہ سے اپنے شاہی فرائض چھوڑنے پر مجبور کیا گیا، جس کی وجہ سے ان کے شاہی الاؤنس میں 2 لاکھ 49 ہزار پاؤنڈ کی کمی ہوگئی تھی۔فی الحال شاہ چارلس ہی اینڈریو کے سیکیورٹی بل کے لیے فنڈ فراہم کرتے ہیں، جس کی لاگت 3 لاکھ پاؤنڈز سالانہ ہے۔
اینڈریو کو رائل لاج سے نکالنے کی بادشاہ کی مسلسل کوششوں کے بعد چارلس کے ایک دوست نے بتایا ہے کہ موجودہ حالات میں رائل لاج میں ان کی زندگی جہنم بننے والی ہے۔