عمر ایوب نے ایف آئی اے سے حمودالرحمٰن کمیشن رپورٹ کی نقل مانگ لی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سے حمودالرحمٰن کمیشن رپورٹ کی نقل مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر متنازعہ ویڈیو اپ لوڈ کرنے معاملے پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ایف آئی اے کو نوٹس کا تحریری جواب بھجوا دیا۔
عمر ایوب نے ایف آئی اے نوٹس کا معاملہ پارلیمان میں اٹھانے اور عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ ہتک آمیز نوٹس میں مبہم، مشکوک اور غیرقانونی سوالات پوچھے گئے۔ ایف آئی اے کا واحد مقصد پی ٹی آئی کی قیادت کو انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔
تحریری جواب کے مطابق نوٹس سقوط ڈھاکا سے متعلق ہے جس پر حکومتِ نے کمیشن بنایا تھا، حکومت نے کمیشن رپورٹ کبھی مسترد کی نہ ہی مندرجات کی تردید کی، حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کابینہ ڈویژن میں موجود ہے، جواب تیار کرنے کیلئے حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کی نقل دی جائے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ پر متنازع ویڈیو اپ لوڈ کرنے کا معاملہ پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن ایف آئی اے میں پیش ہو گئے۔